لندن: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ میثاق جمہوریت پر کام مکمل کریں گے، سلیکٹڈ کو گھر بھیج کر تاریخ رقم کی، عمران خان نہیں اس سوچ کے خلاف ہیں، جو ایسی سیاست کے پیچھے ہے۔
بلاول بھٹو نے لندن میں نواز شریف کے افطار ڈنر میں شرکت کی۔ ایون فیلڈ پہنچنے پر سابق وزیراعظم نواز شریف نے بلاول کا خود استقبال کیا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی کے ہمراہ شیری رحمان، نوید قمر اور قمر زمان کائرہ بھی تھے۔ اس موقع پر ملک کی سیاسی صورتحال اور دیگر اہم امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میثاق جمہوریت پر کام مکمل کریں گے، سلیکٹڈ کو گھر بھیج کر تاریخ رقم کی، عمران خان کے نہیں، اس کے پیچھے چھپی سوچ کے خلاف ہیں۔
ادھر نواز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کےدرمیان ایک روز پہلے ہونیوالی ملاقات کی اندرونی کہانی بھی سامنے آگئی۔ دونوں رہنماؤں نے چارٹر آف ڈیموکریسی ٹو کرنے پر تبادلہ خیال کیا صدر کے مواخذے کے حوالے سے بھی تجاویز طلب گئیں۔ سابق حکومت کی الیکشن ترامیم کو ختم کرنے بارے بھی گفتگو ہوئی۔ دنوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ ای وی ایم مشینوں پر الیکشن کرانے کا فیصلہ بھی واپس لیا جائے۔