اسلام آباد: (دنیا نیوز) شیری رحمان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے تمام ناکام سیاستدان بلاول بھٹو کی سیاست سے خوفزدہ ہیں، بلاول عمران خان اور ان کے ترجمانوں کے اعصاب پر سوار ہیں۔
نائب صدر پیپلز پارٹی و سینیٹر شیری رحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی بلاول بھٹو کے عوامی مارچ سے بھی اتنا ہی پریشان تھی جتنا اب ان کے لندن کے دورے سے ہے، نوجوان سیاستدان نے عدم اعتماد تحریک کی قیادت کر کے ثابت کر دیا وہ اس ملک کی سیاست کا مرکز ہیں۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ مخالفین کے پاس جب سیاسی جواب نہیں ہوتے تو ذاتیات پر اتر آتے ہیں، ان کی بدزبانی اور بدتمیزی سے اندازہ ہوتا ہے کہ ہمارے نوجوان قائد نے ان کی سیاسی دکان بند کر دی ہے، اب بد تہذیبی اور گالم گلوچ کی نہیں، پارلیمان، آئین اور جمہوریت کی سیاست ہوگی۔