راولپنڈی: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں امن دشمنوں کیخلاف لڑتے ہوئے پاک فوج کے دو جوان شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں دہشتگردو ں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی۔ اس دوران سکیورٹی فورسز کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی۔
بیان کے مطابق لڑائی کے دوران پاک فوج کے دو جوان شہید ہو گئے۔ شہید ہونے والوں میں لانس نائیک عمر علی خان اور سپاہی محمد سراج الدین شامل ہیں۔ 23 سالہ شہید سپاہی محمد سراج الدین کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے ہے جبکہ 26 سالہ لانس نائیک شہید عمر علی خان کا تعلق بنوں سے ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں باقی ماندہ دہشت گردوں کی تلاش کے لئے آپریشن جاری ہے، پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے، ہمارے سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو اور پختہ کرتی ہیں۔