وزیراعظم کا دورہ وزیرستان، قبائلی عمائدین سے ملاقات، یادگار شہدا پر حاضری

Published On 21 April,2022 09:04 pm

شمالی وزیرستان:(دنیا نیوز) وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد شہباز شریف نے وزیرستان کا پہلا دورہ کیا، علاقے میں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریفنگ لی، شہبازشریف سے قبائلی عمائدین نے بھی ملاقات جس میں علاقائی ترقی کیلئے بھرپور اقدامات کی یقین دہانی کرائی گئی جبکہ وزیراعظم نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کا دورہ کیا، قبائلی عمائدین نے خیرمقدم کیا، وزیر اعظم نے قبائلی اضلاع کے عوام کو ان کی بے مثال قربانیوں پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، قبائلی اضلاع میں بھی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

اعلامیے کے مطابق دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے قبائلی عمائدین کیساتھ ملاقات میں انہیں یقین دلایا کہ حکومت قبائلی اضلاع کی سماجی و اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے عوام نے دہشتگردی کے خلاف بڑی قربانیاں دی ہیں اور ہم ان کے مقروض ہیں، ان کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، ملک کے دیگر علاقوں کی طرح قبائلی اضلاع میں بھی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا، قبائلی عمائدین نے وزیراعظم کو ملک کے امن و استحکام اور خوشحالی کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا جس پر وزیر اعظم نے ان کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ میں پہلے بھی شمالی وزیرستان آچکا ہوں، مجھے یہاں پر پھر ایک بار آکر انتہائی خوشی ہو رہی ہے، جب دہشتگردی عروج پر تھی، جس طریقے سے آپ نے اپنے کاندھوں پر اپنے پیاروں کی لاشیں اٹھائیں، اپنے بچوں کی، بزرگوں کی، ماؤں کی، بہنوں کی، بیٹیوں کی، یہ بڑی گراں قدر قربانیاں دی ہیں، صرف یہی نہیں، جب پاکستان معرضِ وجود میں آیا تو کشمیر میں بھی آپ کے آباؤ اجداد نے، آپ کے بزرگوں نے بہت بڑی جنگ لڑی۔

وزیراعظم نے کہا میں یہ بات دل کی گہرائیوں سے کر رہا ہوں، جو بزرگ و جوان میرے سامنے بیٹھے ہیں، انکی قربانیاں ہر حوالے سے تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف سے لکھی جائیں گی، ہماری ترجیح پورے پاکستان کی طرح مقامی کمیونٹی کیلئے شہری سہولیات کو یقینی بنانا ہوگی، ہم قبائلی عوام کے مقروض ہیں، ہم ان کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

آرمی چیف نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا

بعدازاں میرانشاہ پہنچنے پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم کا استقبال کیا، شہباز شریف نے یاد گارشہدا پر پھول چڑھائے، پاکستان کی سالمیت کیلئے قربانیاں دینے والوں کیلئے فاتحہ خوانی کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وزیراعظم کو سکیورٹی صورتحال، سرحد پار سے دہشت گردوں کی سرگرمیوں، سرحد پر باڑ لگانے کی صورتحال سمیت بارڈر مینجمنٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم نے دہشت گردی کی کمر توڑنے میں کامیابی پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ دہشت گرد ملک بھر میں عوام اور ریاستی انفرا اسٹرکچر کو نشانہ بنا رہے ہیں، مسلح افواج کی دلیرانہ کوششوں کی بدولت دہشت گردوں کو ناکام بنایا گیا، قوم اس کوشش میں متحد ہے اور ہم مل کر کامیاب ہوں گے۔

ادھر شہباز شریف کا 27 اپریل کو سعودی عرب جانے کا پلان ہے، بطور وزیراعظم کسی بھی ملک کا یہ پہلا دورہ ہوگا جس میں دو طرفہ تعلقات سمیت دیگر اہم امور پر بات چیت ہوگی۔
 

Advertisement