اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین سے ملاقات کی، ملاقات میں موجودہ سیاسی صورت حال پر ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا اور چودھری سالک حسین کو وفاقی کابینہ میں شامل کرنے کی پیشکش کردی۔
سابق صدر زرداری مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین کی اسلام آباد رہائش گاہ پہنچے جہاں دونوں کی ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں آصف علی زرداری اور چودھری شجاعت حسین نے مستقبل میں بھی سیاسی مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔
اس موقع پر چودھری سالک حسین اور وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ بھی موجود تھے۔
ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی
آصف علی زرداری اور چودھری شجاعت حسین کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے جس کے مطابق سابق صدر نے لیگی صدر کے صاحبزادے سالک حسین کو کابینہ میں شامل کرنے کی پیشکش کردی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ آصف علی زرداری کا ملاقات میں کہنا تھا کہ سالک حسین کو وفاقی کابینہ میں شامل کرنا چاہتا ہوں، سالک حسین کو ہر صورت کابینہ میں لیکر جاؤں گا۔
ملاقات میں چودھری شجاعت حسین نے اس حوالے سے کہا کہ ملک و قوم کی بہتر خدمت کرسکے تو سالک حسین کے کابینہ شامل ہونے پر اعتراض نہیں۔
زرداری نے چودھری شجاعت سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا شکر گزار ہوں کہ سیاسی بحران میں آپ نے عہد نبھایا، آپ نے جو کہا وہ کیا، آپ مین آف کمٹمنٹ ہیں۔
چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ آصف علی زرداری بھی وہ رہنما ہیں جو کہتے ہیں نبھاتے ہیں، ملک کو مسائل سے نکلنا چاہیے
ذرائع کے مطابق سالک حسین جلد وفاقی کابینہ میں شامل ہوجائیں گے، مسلم لیگ (ق) کے طارق بشیر چیمہ پہلے ہی وفاقی کابینہ کا حصہ بن چکے ہیں۔
ادھر آصف علی زرداری کی پارلیمانی لیڈر بلوچستان عوامی پارٹی کے پارلیمانی لیڈر خالد مگسی سے ملاقات ہوئی، دونوں کے درمیان نئے حکومتی سیٹ اپ اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔