الیکشن اپنے وقت پر ہی ہونگے، آر ٹی ایس نہ بیٹھا تو ن لیگ ہی جیتے گی: مریم اورنگزیب

Published On 27 April,2022 05:20 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہی ہونگے،آرٹی ایس نہ بیٹھا، ڈبے چوری نہ ہوئے تو ن لیگ ہی جیتے گی، چیف الیکشن کمشنر سے استعفیٰ مانگنے والوں کو ترقی کی شرح منفی کرنے پر خود مستعفی ہونا چاہیے تھا، عمران خان شہباز شریف کے خدمت کے جذبے سے خوفزدہ ہیں، حکومت بدل گئی لیکن ان کی تقریر کی کیسٹ تبدیل نہیں ہوئی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ چینی سفارت خانے کو انویسٹی گیشن سے متعلق اپ ڈیٹ رکھا جائے گا، چینی شہریوں کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جارہا ہے، نیکٹا کا اجلاس فوری طور پر بلایا جائے گا، کراچی واقعہ کی تحقیقات کا آغاز ہوچکا ہے، گزشتہ حکومت کے بنائے گئے قوانین کا جائزہ لیا جائے گا، قوانین پر نظرثانی کے لیے کابینہ کی کمیٹی بنا دی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 7 مئی کے بعد ایندھن، فیول کا مسئلہ ختم ہوجائے گی، گزشتہ حکومت کی نااہلی سے بجلی کے کارخانے بند ہوئے، ڈیزل کی ہورڈنگ کا مسئلہ ہے، کسانوں کے لیے ڈیزل کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا، ایک صاحب آر ٹی ایس بٹھا کر مسلط کیے گئے تھے، ان کی تقریر کی کیسٹ تبدیل نہیں ہوئی، سابقہ حکومت نے مخالفین کو بدبودار انتقام کا نشانہ بنایا، جن پر صبح، دوپہر، شام الزام لگاتے تھے وہ عدالتوں سے سرخرو ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کی تقریر وہی پرانی کیسٹ تھی، اب ہمارے پاس وزارت اطلاعات ہیں آپ کو اچھا اسپیچ رائٹر دیں گے، اگر پیسہ باہر گیا تو چار سالوں میں کیوں نہیں واپس آئے، شہزاد اکبر نیب کو گرفتاری کی ڈائریکشن دیتے تھے، آج پھر اسی منہ سے الزام لگاتے ہوئے شرم آنی چاہیے، اگر منی لانڈرنگ، کرپشن ہوئی تھی تو چار سالوں میں ثابت کیوں نہیں ہوا؟ یہ باتیں اس لیے کر رہے ہیں ان کی کارکردگی صفر ہے، کہتے ہیں الیکشن کمشنر استعفیٰ دے، ترقی کی شرح منفی کرنے پر آپ کو استعفیٰ دینا چاہیے، آپ نے کشمیر فروشی کی استعفیٰ آپ کو دینا چاہیے، چیف الیکشن کمشنر 70 لاکھ ڈالرکا حساب مانگے تو کہتے ہیں استعفیٰ دے، کیوں الیکشن کرائیں، الیکشن مقررہ وقت پر ہوں گے، عمران خان کو شہباز شریف کے خدمت کے جذبے سے ڈر لگتا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ 27 پلانٹس بند تھے جو دو ہفتے سے چلنا شروع ہو گئے ہیں، اصل میں ان کو الیکشن نہیں چاہیے، ان کو پتا ہے اگر اتحادی حکومت نے عوام کو ریلیف دے دیا تو ان کا نام لینے والا کوئی نہیں ہوگا، الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہوگا، معاشی دہشت گردی کا خمیازہ آج عوام بھگت رہے ہیں، اگر آر ٹی ایس نہیں بیٹھے گا، ڈبے نہیں اٹھائے جائیں گے تو (ن) لیگ جیتے گی، کہتے ہیں میڈیا میں بلیک آؤٹ کیا جا رہا ہے، آپ کی حکومت میں بلیک آؤٹ نہیں صحافیوں کو اغوا، گولیاں ماری جاتی تھیں، صحافیوں پر نیب کے کیسز بنائے گئے، میڈیا ریگولیٹر اتھارٹی عمران کے زمانے میں آ رہی تھی، میڈیا نے عمران کی غنڈہ گردی سے انکار کیا تھا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ کشمیر فروشی آپ کے زمانے میں ہوئی، آپ کی حکومت میں معیشت کو غلام بنایا گیا، ابھی دو ہفتے ہوئے آپ کا گند صاف کر رہے ہیں، لاہور میں 60 سے 70 لوگوں کے سامنے باتیں کر رہے تھے، آپ کا بلیک آؤٹ میڈیا نہیں پاکستان کی عوام کر رہی ہے، ہماری حکومت میں پیمرا آزاد ہوتا ہے، بلیک آؤٹ کا جھوٹ بولا جا رہا ہے، آپ بلیک آؤٹ آپ پاکستان کی سیاست سے ہو رہے ہیں، اتحادی حکومت کی ترجیح عوام کو ریلیف دینا ہے۔

انہوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ کہہ رہے ہیں ڈونلڈ لو نے سفیر کو بلا کر دھمکی دی، کارکردگی کا صحفہ خالی اس لیے سازش کا کاغذ لہرایا جا رہا ہے، خالی صحفے پر سازش کا جھوٹا بیانیا کتنی دیر تک چلاؤ گے، اگر ڈونلڈ لو نے دھمکی دی تو 16 مارچ کو امریکا کے نمائندے کو پاکستان کیوں بلایا تھا۔
 

Advertisement