اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے یوسف رضا گیلانی کی نااہلی سے متعلق تحریک انصاف کی درخواستوں کو خارج جبکہ علی حیدر گیلانی، فہیم خان اور کیپٹن جمیل کے خلاف کرپٹ پریکٹسز کے تحت کارروائی کا حکم دے دیا۔
الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے رہنماؤں فرخ حبیب، ملیکہ بخاری، کنول شوذب اور عالیہ حمزہ کی درخواستوں پر فیصلہ 5 اپریل کو محفوظ کیا تھا۔ چیف الیکشن کمشنر نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کیخلاف براہ راست کوئی شواہد نہیں، اس کیس کے بارے میں حقائق ٹھیک پیش نہیں کیے گئے، کیس سے متعلق حقائق سامنے رکھنا چاہتا ہوں۔
فیصلہ میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کو علی حیدر گیلانی، فہیم خان اور کیپٹن جمیل کے خلاف کرپٹ پریکٹسز کے تحت کارروائی کرنے کا حکم دیا گیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے کیس کی 20 سماعتیں کیں، درخواست گزاروں کی جانب سے 12 بار التوا کی درخواستیں دائر کی گئیں، مختلف فورمز پر کہا گیا کہ ایک سال سے فیصلہ محفوظ ہے، ان کیلئے شاید ایک ماہ ایک سال کے برابر ہے۔۔