لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں دھرنے کی اجازت مل گئی، عمران خان اسلام آباد میں 3 جون کو اگلی حکمت عملی کا اعلان کریں گے، اداروں نے فیصلہ کیا کہ سیاسی صورتحال جماعتیں خود دیکھیں ، حکومت کودو تین ماہ دئیے توملک ڈوب جائے گا۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’نقطہ نظر‘ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمیں اسلام آباد میں دھرنے کی اجازت مل گئی ہے، پی ٹی آئی کوئی شدت پسند جماعت نہیں، ہمارے جلسوں میں فیملیز، ڈاکٹرز، انجیئنرز آتے ہیں، کشمیرہائی وے کے ساتھ گراؤنڈ میں عمران خان پہنچیں گے، پورے پاکستان سے لوگ کشمیرہائی وے پرپہنچیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا ایک دھڑا الیکشن چاہتا ہے، دوسرا کہتا ہے دسمبرمیں کرائے جائیں، سٹاک مارکیٹ گرچکی ہے یہ معاشی نہیں سیاسی بحران ہے، پنجاب میں بھی بحران ہے، عوام کواس اسمبلی پر اعتبار نہیں رہا، ان کو ضد چھوڑ کر الیکشن کی طرف جانا چاہیے، شاہ محمود قریشی کوکس کا فون آیا مجھے نہیں پتا۔
اس سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اطلاعت نے کہا کہ اگر ہم آج یہ آزادی مارچ نہیں کرتے تو ہمیں اندیشہ ہے ہماری آٰزادی ہمیشہ کے لئے ختم ہو جائیگی اور یہ ہم کسی صورت نہیں ہونے دینگے۔
انہوں نے کہا ہے کہ آزادی واپس حاصل کرنے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ عوام کو اختیار دیا جائے کہ عوام اپنے ووٹوں کے ذریعے حکومت کا فیصلہ کرے۔ سنا ہے وفاقی وزیر جن پر سینکڑوں قتل اور منشیات فروشی کے الزامات ہیں نے گرفتاریوں کا پلان بنایا ہے کہ چناب اور جہلم کے پل کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سابق وزیر کا کہنا تھا کہ 25 مارچ کو اسلام آباد آنے کی کال پنجاب اور خیبرپختوا کے لوگوں کے لئے ہے ۔ بلوچستان اور سندھ کے لوگ کوئٹہ ، حیدرآباد اور کراچی کو اسلام آباد بنائینگے اور اسی طرح تمام شہر بھی اس احتجاج میں شریک ہونگے۔
انہوں نے لانگ مارچ کے حوالے سے کہا کہ ہمارا اگلا لائحہ عمل عمران خان 25 مئی کو 3 بجے بتائیں گے جب وہ یہاں پہنچیں گے، بتائیں گے۔