اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں ملک کومشکل صورتحال سے نکالیں گے، الیکشن اپنی مقررہ مدت پر ہونگے، عمران نیازی منفی سیاست چھوڑ کر چارٹرآف اکانومی پربات کریں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران نیازی دشمن کا ایجنڈا پورا کر رہا ہے، فوج، عدلیہ سیاست سے بالاتر ہیں، عمران نیازی منصوبہ بندی کے ذریعے اداروں کو پولرائز کرنے کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں، فوج کی فیملیز کواحتجاج میں دعوت دے کرکیا پیغام دینا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کیا آپ فوج میں بھی تقسیم پیدا کرنا چاہتے ہیں، ریٹائرڈ فوجی افسران سیاسی مارچ میں کیوں شرکت کر رہے ہیں، ایکس سروس مین ٹی وی پر آ کر مناظرہ کر لیں، ہم سب پاکستانی ہیں، کفر، غداری کے فتوؤں پر سیاست کرنے والے قوم کے ہمدرد نہیں ہو سکتے، اگر ریٹائرڈ فوجیوں کو سیاست کا شوق ہے تو تمغے گھر رکھ کرسیاست کریں۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آپ لوگوں کوتمغے سیاست کرنے کے لیے نہیں دیئے گئے، فوج پاکستان کے ماتھے کا جھومر ہیں، عمران نیازی کوئی کسر نہیں چھوڑ گئے، ڈیفالٹ نہیں ہونے دیں گے، شہبازشریف کی قیادت میں ملک کومشکل صورتحال سے نکالیں گے، آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کا عمل جاری ہے، الیکشن اپنی مقررہ مدت پر ہونگے، کسی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے، عمران نیازی منفی سیاست چھوڑ کر چارٹرآف اکانومی پربات کریں، عمران خان مسلسل آئین وقانون کی خلاف ورزی کررہا ہے۔