اسلام آباد : (دنیا نیوز) قومی اسمبلی سے منظور کردہ الیکشن ترمیمی بل 2022 اور نیب آرڈیننس ترمیمی بل کو سینیٹ میں بھی کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا جس میں قومی اسمبلی سے منظور کیا گیا الیکشن ترمیمی بل 2022 مرتضی جاوید عباسی نے پیش کیا جس کو کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز کا ووٹ نہ ختم کیا گیا نہ ہی کیا جائے گا، اوورسیز کے ووٹ کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو اختیار دیا گیا ہے۔
دوسری جانب الیکشن ترمیمی بل کی منِظوری کے موقع پر اپوزیشن کی جانب سے ایوان بالا میں شدید احتجاج کیا گیا،اپوزیشن اراکین نے چئیرمین سینٹ کے ڈائس کا گھیراؤ کرلیا، اور ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں۔
اس موقع پر ڈاکٹر شہزاد وسیم کا کہنا تھا کہ اوورسیز کے ووٹ پر کسی کو ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے، 90 لاکھ اوورسیز ووٹوں کو بلڈوز نہیں ہونے دیں گے۔