راولپنڈی: (دنیا نیوز) ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ آج دنیا بھر میں یوم امن منا رہی ہے، پاکستان امن مشن کیلئے فوج بھیجنے والا دوسرا بڑا ملک ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے یوم امن کے حوالے سے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے اقوام متحدہ امن مشن کے ساتھ اپنے سفر کا آغاز 1960 میں دستہ کانگر بھیج کرکیا، پچھلے 61 سال میں پاکستان قیام امن کے لیے سب سے نمایاں اور مسلسل تعاون کرنے والا ملک رہا ہے، پاکستان نے اقوام متحدہ کے 46 امن مشنوں میں حصہ لیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان دنیا میں امن مشن کیلئے فوج دینے والا دوسرا بڑا ملک ہے، دنیا بھر میں اقوام متحدہ کے مشنز میں دو لاکھ سے زائد فوجی بھیجے، جب کہ 169 پاکستانی فوجی جوان انسانیت کی مدد میں جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گٹریز نے پاکستان کا دورہ کر کے امن کی کوششوں کو سراہا، پاکستان کے امن دستوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت نے ہر امن مشن میں کمانڈر کو بھی اپنا گرویدہ بنا دیا، پاکستانی امن دستوں میں ایف سی، رینجرز اور پولیس کے دستے بھی شامل ہیں۔