لاہور : (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے چین کے نئےقونصل جنرل ژاؤ شیرین نے ملاقات کی جس میں پاک چین تعلقات کے فروغ، سی پیک کے منصوبوں اور نئے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق حمزہ شہباز سے چین کے نئےقونصل جنرل ژاؤ شیرین نے ملاقات کی، چین کے قونصل جنرل نے حمزہ شہباز کو وزیر اعلی پنجاب کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی، وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے لاہور میں قونصل جنرل کی ذمہ داری سنبھالنے پر ژاؤ شیرین کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں تعاون کو نئی جہت دینے کیلئے تیزی سے اقدامات کرنے پر اتفاق کیا، اس موقع پر چینی قونصل جنرل نے کہا کہ آپ کا عوام کی خدمت کا ویژن قابل تحسین ہے، چین پاکستان کا انتہائی بااعتماد دوست ملک ہے، چین ترقی وخوشحالی کے سفر میں پاکستان کے ساتھ ہے، زراعت، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ملکر کام کریں گے۔
دوران ملاقات وزیراعلی حمزہ شہبازکا کہنا تھا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں چین کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف کے دور میں پاک چین معاشی تعلقات کی نئی جہتوں پر کام شروع ہو چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک کے منصوبے پاکستان کی پائیدار ترقی کے سفر میں اہمیت رکھتے ہیں، پاکستان اور چین کے درمیان عوامی سطح پر بھی رابطے مضبوط کریں گے، سی پیک کی نئی جہتوں کو سامنے رکھ کر مستقبل کا لائحہ عمل مرتب کریں گے۔