اسلام آباد:( دنیانیوز) پاکستان پیپلزپارٹی نے اتوار کو عمران خان کے بیانات کے خلاف پاکستان کھپے ریلیاں نکالنے کا اعلان کر دیا۔
پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ اور فیصل کریم کنڈی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان سمجھتے ہیں عقل صرف ان کے پاس ہے، وہ نہیں تو ملک بھی نہیں، عمران خان سمجھتے ہیں جو ان کیساتھ ہیں وہ ٹھیک، باقی سب دشمن ہیں۔ پیپلزپارٹی نے مشکلات برداشت کیں لیکن پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا، عمران خان کے بیانات کیخلاف اتوار کو پاکستان کھپے ریلیاں نکالیں گے۔
قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ مہنگائی کاعلاج ٹارگٹڈ سبسڈی ہے، امرا زیادہ پٹرول استعمال کر رہے ہیں، تیل پر ایسی سبسڈی ممکن نہیں جو امرا کو دی جائے، عمران خان نے تیل کی قیمتیں نہ بڑھا کر زیادتی کی۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران خان بیرونی ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں ، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا صوبے اور وفاق کو لڑانے کی سازش کر رہے ہیں، خیبرپختونخوا کا وزیر اعلیٰ اپنی فورس وفاق کے خلاف استعمال کرنا چاہتا ہے ، عمران خان نے پشاور میں سیاسی پناہ لے لی ہے ۔