نئی حلقہ بندیاں، سپریم کورٹ کی درخواستیں یکجا کرکے جمع کرانے کی ہدایت

Published On 06 June,2022 04:12 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے نئی حلقہ بندیوں کےخلاف تحریک انصاف کی متفرق اورترمیم شدہ درخواستیں یکجا کرکے جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

دوران سماعت تحریک انصاف کے وکیل فیصل چودھری نے کہا کہ حلقہ بندیوں کے شیڈیول پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے۔ نئی حلقہ بندیوں کو آرٹیکل 51(5) کا تحفظ حاصل نہیں۔

جسٹس منیب اختر کا کہنا تھا کہ درخواست میں ترمیم کی اجازت دی تھی لیکن درست انداز میں فائل نہیں ہوئی۔ کیا ہم کبھی ایک فائل سے کاغذ ڈھونڈیں گے کبھی دوسرے سے؟۔

جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن متعلقہ حکام کی جانب دیکھ رہا ہے۔ الیکشن کمیشن پوچھ رہا ہے 2021 کی مردم شماری کب تک مکمل ہوگی۔ الیکشن کمیشن جواب ملنے پر فیصلہ کرے گا حلقہ بندی کس مردم شماری پر ہوگی۔

عدالت نے تحریک انصاف کو آئندہ سوموار تک درخواستیں یکجا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 13 جون تک ملتوی کردی۔