اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف چیمبر میں دن بھر تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کے استعفوں کی تصدیق کے لیے انتظار کرتے رہے، تاہم کوئی بھی رکن تصدیق کے لیے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی کو حلقہ وائز ان کے استعفوں کی تصدیق کے لیے بلایا گیا تھا۔ اس سلسلے میں ہر رکن اسمبلی کے لیے استعفے کی تصدیق یا تردید کے لیے پانچ منٹ کا وقت مختص کیا گیا تھا۔
قبل ازیں اسپیکر قومی اسمبلی استعفوں کی منظوری یا انہیں التوا میں رکھنے سمیت دیگر امور پر ماہرین سے رائے لے چکے ہیں اور انہوں نے آج سے پی ٹی آئی کے ارکان کے استعفوں کی تصدیق کا عمل شروع کرنا تھا۔
دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے 30 ارکان اسمبلی اور عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید احمد استعفوں کی تصدیق کے لیے قومی اسمبلی نہیں آئے، جن کے لیے اسپیکر راجا پرویز اشرف 5 گھنٹے تک منتظر رہے۔
ذرائع کے مطابق سپیکر نے صبح 11 بجے سے شام 4 بجے تک پی ٹی آئی اراکین کا انتظار کیا۔ اس دوران وہ اپنے چیمبر میں موجود رہے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد وزارت عظمیٰ کے الیکشن میں شاہ محمود قریشی نے اعلان کیا تھا کہ ہم اس حکومت کو نہیں مانتے اور پارلیمنٹ سے استعفے دینے کا اعلان کرتے ہیں۔