جرمن وزیر خارجہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت، بلاول بھٹو بھی قرنطینہ میں چلے گئے

Published On 07 June,2022 06:06 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) جرمنی کی وزیرخارجہ انالینا بیئربوک کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھی قرنطینہ میں چلے گئے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری قرنطینہ کے دوران اپنی رہائش گاہ سے سرکاری و سیاسی امور سرانجام دیں گے۔

اس حوالے سے ذرائع کا مزید بتانا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کورونا وائرس کی تشخیص کے لئے اپنا ٹیسٹ کروائیں گے۔

 پاکستان کے دورے پر موجود جرمن وزیر خارجہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

خبر ایجنسی کے مطابق انالینا بیئربوک دو روزہ دورے پر پاکستان آئی ہوئی ہیں، جرمن وزیر خارجہ نے پاکستان میں اپنی باقی ماندہ ملاقاتیں منسوخ کر دیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق جرمن وزیر خارجہ کے منہ کا ذائقہ ختم ہوگیا ہے، دوسری علامات بھی ظاہر ہوئی ہیں، انالینا بیئر بوک پاکستان کے بعد ترکی اور یونان بھی جانے والی تھیں۔

خیال رہے کہ جرمن وزیر خارجہ نے پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ پریس کانفرنس بھی کی تھی۔

Advertisement