چودھری شجاعت کے بھتیجے حسین الہیٰ نے ق لیگ چھوڑدی

Published On 08 June,2022 10:53 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ق کے صدر اور سابق وزیراعظم شجاعت حسین کے چھوٹے بھائی چودھری وجاہت کے صاحبزادے حسین الہیٰ نے ق لیگ چھوڑدی ہے۔

اس بات کا اعلان چودھری وجاہت کے صاحبزادے حسین الٰہی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کیا ، اس ٹویٹ کو سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کے صاحبزادے اور رکن قومی اسمبلی چودھری مونس الٰہی نے بھی ری ٹویٹ کیا۔

حسین الہیٰ نے اعلان کیا کہ ق لیگ کے ساتھ اپنا سیاسی سفرختم کررہا ہوں، ہمیشہ یہ ہی کہا ہے میرے لیے میرا ملک سب سے پہلے ہے۔ اس جماعت میں نہیں رہ سکتا جو شہبازشریف کو سپورٹ کرتی ہے۔ مستقبل کی سیاست کا فیصلہ مونس الہیٰ کے ساتھ کروں گا۔

اس سے قبل ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ق) سیاسی معاملات پر اختلافات کا شکار ہے اور چودھری برادران نے سیاسی طور پر ایک دوسرے سے اپنے راستے الگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا تھا کہ چودھری شجاعت حسین، چودھری سالک حسین مسلم لیگ (ن) کے ساتھ کھل کر کھڑے ہوگئے، چودھری پرویز الٰہی، مونس الٰہی اور چودھری حسین الٰہی تحریک انصاف کے اتحادی رہیں گے ۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ خاندانی اختلافات میں شدت کے باعث سیاسی معاملات پر راہیں جدا کی گئیں، پہلی بار خاندان کے دونوں بڑوں نے الگ الگ سیاسی راستون کا اعتراف کر لیا جبکہ دوریاں بڑھنے کے باعث جلد حتمی فیصلے کا امکان ہے۔

حسین الٰہی بیرون ملک ہیں، وطن واپس آتے ہی بڑا فیصلہ ہوجائے گا، گھر کے تین ایم این ایز میں سے دو تحریک انصاف کے حامی ہیں۔