لاہور: (دنیا نیوز) ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست مزاری کی نااہلی کا ریفرنس سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی کو آئین کے آرٹیکل 63 (2) کے تحت بھیج دیا گیا۔
پرویز الہی کو بھیجے گئے ریفرنس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ دوست مزاری نے ایوان اقبال میں اجلاس کی صدرات کر کے حلف کی خلاف ورزی کی جبکہ دوست مزاری اس سے قبل بھی پنجاب اسمبلی گیلری میں غیر قانونی صدارت کر چکے ہیں، گیلری میں اجلاس کیا، پولیس بلائی اور تشدد کیا۔
ریفرنس کے مطابق دوست مزاری ایوان اقبال میں اجلاس بلا کر آرٹیکل 62 ون ڈی، 62 (1) (e) اور دیگر آرٹیکلز کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں، آرٹیکل 63 اے اور سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کی بھی خلاف ورزی دوست مزاری نے کی ہے، دوست مزاری نے پارٹی ہدایات کے برعکس اجلاس کی صدارت کی۔
پرویز الہی کو بھیجے گئے ریفرنس میں استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن حلف کی پاسداری نہ کرنے پر دوست مزاری کو نااہل قرار دے، ریفرنس کی کاپی الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھی بھجوا دی گئی ہے۔