پنجاب میں بھی بازار رات 9 بجے بند کرنے کا فیصلہ

Published On 18 June,2022 06:31 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سندھ کے بعد اب پنجاب حکومت نے بھی بازار رات 9 بجے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا جس کا جلد نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلی پنجاب حمزہ شہبازشریف نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے صوبے میں بجلی بچت پلان پر 20 جون سے عملدرآمد کرنے کی منظوری دیدی جسکا نوٹیفکیشن جلد جاری ہونے کا امکان ہے۔

زرائع کے مطابق پیر سے صوبے کے بڑے شہروں کے بازار، مارکیٹیں صبح 8 بجے سے رات 9 بجے تک کھلیں گی، حمزہ شہباز نے تاجر رہنمائوں، حکومتی تجاویز اور دیگر حکام کیساتھ ملاقاتوں کے بعد فیصلہ کر لیا، پہلے مرحلے میں لاہور سمیت بڑے شہروں میں عملدرآمد شروع ہوگا۔

زرائع کے مطابق وزیراعلی آفس لاہور سمیت بڑے شہروں میں سوموار سے رات 9 بجے بازار بند ہو جائیں گے، فارمیسی، بیکری، پٹرول پمپس کو صرف استثنیٰ حاصل ہو گا، لاہور کی 63 مارکیٹیں رات 9 بجے بند ہونگی۔ 

وزیراعلیٰ پنجاب میاں حمزہ شہباز

دوسری طرف وزیر اعلی پنجاب سے صوبہ بھر کے تاجر رہنماؤں اورنمائندوں نے ملاقات کی، تاجر برادری نے توانائی بحران میں حکومتی اقدامات کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا اور توانائی بچت کیلئے حکومتی اقدامات کو سراہا۔

حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں مارکیٹیں، بازار اور کاروباری مراکز رات 9 بجے بند ہوں گے۔ ریسٹورنٹس رات ساڑھے11بجے تک کھلے رہیں گے۔ شادی ہالز سابق پالیسی کے تحت رات 10 بجے تک کھل سکیں گے۔ ہفتے کو تاجر برادری کو کاروبار کے اوقات میں خصوصی رعایت دی جائے گی۔ میڈیکل سٹورز پر اس فیصلے کا اطلاق نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ عید کی شاپنگ کے لیے اوقات کار کی پالیسی کا تاجر برادری سے مشاورت سے جائزہ لیا جائے گا۔
 

Advertisement