اتوار کے احتجاج میں آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کریں گے: عمران خان

Published On 18 June,2022 07:47 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ لٹیروں نے اپنی تجوریاں بچانے کیلئے ملک گروی رکھ کر عوام پر مہنگائی کا عذاب نازل کر دیا، اپنے لوگوں پر دن دیہاڑے ظلم برداشت نہیں کرینگے، کل کے احتجاج میں قوم کے ساتھ ملکر آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کریں گے۔

چیئرمین تحریک انصاف کی زیر صدارت جماعتی ترجمانوں کا اہم اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران فیٹف سے نکلنے کیلئے بھرپور محنت کرنے اور پاکستان کو یہ سنگِ میل دلوانے پر سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کو مبارکباد دی گئی اور فیٹف رابطہ کمیٹی کے اراکین اور افسران کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

اجلاس کے دوران امپورٹڈسرکار کی جانب سے معیشت کی تباہی اور عوام پر مہنگائی کا عذاب مسلط کرنے اور بجلی، تیل، گیس کی قیمتوں میں ملک گیر احتجاج پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس کے دوران بغیرتیاری محض اپنی چوری بچانے کیلئے سازش سے اقتدار کا رستہ بنانے والوں کی جانب معیشت کی تباہی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سازش سے مسلط نااہل، ناکارہ، نالائق، بے حس اور ظالم حکومت کی جانب سے اداروں کی تباہی پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس میں کراچی میں ضمنی انتخابات سے عوام کی مکمل لاتعلقی اور ساکھ کے حامل پُرامن انتخاب کے انعقاد میں الیکشن کمیشن کی ناکامی پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔

امپورٹڈ حکومت کی جانب سے بجٹ میں قبائلی اضلاع کے بجٹ میں 21 ارب کی کٹوتی اور قبائلی اضلاع کے 50 لاکھ شہریوں کو تحریک انصاف کے فراہم کردہ صحت کارڈ سے محروم کرنے کی اطلاعات پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اس دوران فاٹا کے انضمام کو رول بیک کرنے کی سازش کا بھی جائزہ لیا گیا اور ایسی ہر کوشش کی بھرپور مزاحمت کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس کے دوران کرپٹ بھگوڑے لیڈر کی سرپرستی میں حکومتی سطح پر سرکاری وسائل سے سماجی بہبود کے صفِ اول کے اداروں کیخلاف پراپیگنڈہ مہم کی بھی شدید مذمت کی گئی۔

اجلاس کے دوران عمران خان نے کہا کہ وبا اور عالمی مہنگائی کے سامنے تحریک انصاف کی حکومت ڈھال بن کر اپنے لوگوں کو بچا رہی تھی، لٹیروں نے اپنی تجوریاں بچانے کیلئے ملک گروی رکھ کر عوام پر مہنگائی کا عذاب نازل کر دیا، اپنی جائیدادیں باہر رکھنے والوں کو عوام کی مشکلات، ملک کے مستقبل کی کوئی فکر نہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ تحریک انصاف اپنے لوگوں پر دن دیہاڑے ظلم برداشت نہیں کرے گی۔ کل کے احتجاج میں قوم کے ساتھ ملکر آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کریں گے، ظالم جبر اور طاقت سے عوام کو اپنے حق کیلئے آواز بلند کرنے سے نہیں روک سکتے، پچھلے دو ماہ کے واقعات نے سازش کے ہر کردار اور اس کے اہداف پوری طرح آشکار کئے، بغیر تیاری کے سازش سے حکومت پر قابض ہونے والا لشکر اپنی چوری بچانے کیلئے قوم کا مستقبل داؤ پر لگا رہا ہے۔ خود کو اقتدار میں رکھنے کیلئے اداروں کو بدترین تباہی سے دوچار کیا جارہا ہے، تنبیہ کی تھی کہ سنبھلتی معیشت کو عدمِ استحکام سے دوچار کیا گیا تو حالات بے قابو ہوں گے۔

Advertisement