اسلام آباد:(دنیا نیوز) محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی، بارشوں کا سلسلہ پیر سے ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں داخل ہوگا، موسلا دھار بارش سے خیبرپختونخوا، پنجاب، کشمیر، گلگت بلتستان اور شمالی بلوچستان کے ندی نالوں، دریاؤں میں طغیانی کا خدشہ ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں پیر سے بدھ کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، پنجاب، خیبربختونخوا، شمالی بلوچستان میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش متوقع ہے، اس دوران چند مقامات پر تیز آندھی اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔
منگل اور بدھ کے دوران سندھ میں بھی ابر کرم برسے گا، سکھر، لاڑکانہ، کشمور، شکار پور، جیکب آباد، شہید بینظیر آباد، دادو، جامشورو میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق موسلادھار بارش سے اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، مردان، نوشہرہ، سرگودھا، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور لاہور کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے جبکہ آندھی اور تیز ہواؤں کے باعث خیبرپختونخوا، پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان کا اندیشہ ہے، مسافر اور سیاح اس دوران زیادہ محتاط رہیں۔