سبی:(دنیا نیوز) بلوچستان میں بارشوں سے تباہی مچ گئی، سبی کے قریب مسافر وین سیلابی ریلے میں بہہ گئی جس سے خواتین سمیت پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔
بلوچستان میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، سیلابی ریلے میں مسافر وین بہنے سے چار افراد زخمی بھی ہوئے جن کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ڈیرہ بگٹی ضلع بھر میں ہونے والے بارشوں سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، بی ایچ یو بیسک ہیلتھ یونٹ کی بلڈنگ بھی سیلابی ریلے کی زد میں دراڑیں پڑ گئیں، مقامی لوگ اپنی مدد آپ کے تحت پانی کو روکنے کی کوشش کرتے رہے، سوئی شہر کے مین روڈ پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے بھی شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔
ضلع بھر میں ہونے والے بارشوں کی وجہ سے دوسرے دن بھی سیلابی ریلوں کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، کسی بھی وقت لاکھوں روپے سے مقامی لوگوں کی سہولت کے بننے والی بلڈنگ زمین بوس ہوسکتی ہے، بلڈنگ 2018 کو بنی، شہریوں کے مطابق تاحال بی ایچ یو میں عملہ تک تعینات نہ ہوا لیکن سیلابی ریلے نے پول کھول کر رکھ دئیے، مقامی لوگ سرکاری بلڈنگ کو اپنی مدد آپ کے تحت بچانے میں مصروف رہے۔
لنجہ گنجہ پیش بوگی کے روڈ پر بھی شگاف پڑ گئے، مقامی لوگوں کو آنے جانے میں مشکلات ہیں، روڈ ٹوٹنے کی وجہ سے مقامی لوگ کو مریضوں کو ہسپتال پہنچانے میں دشواری کا سامنا ہے، علاقہ مکینوں کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے علاقے میں تاحال کوئی بھی اقدامات نہیں اٹھایا گیا۔