لاہور: (دنیا نیوز) نو سو کنال اراضی کی غیر قانونی ایڈجسٹمنٹ کے دو مقدمات میں نامزد سابق وزیراعلی پنجاب کے چار بھائیوں نے انٹی کرپشن کورٹ لیہ سے عبوری ضمانت کروا لی، عدالت نے ایک ایک لاکھ کے مچلکوں کے عوض چاروں ملزمان کی دو جولائی تک ضمانت منظور کی ہے۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سمیت نو سو کنال اراضی کی ناجائز ایڈجسٹمنٹ کے دو مقدمات میں نامزد سابق وزیراعلی کے چار بھائیوں عمر بزدار، طاہر، ایوب اور جعفر بزدار نے انٹی کرپشن ڈیرہ غازیخان ڈویژن کی لیہ کورٹ سے عبوری ضمانت کروا لی۔ چاروں ملزمان نے ہائیکورٹ ملتان بینچ سے حفاظتی ضمانت حاصل کروا رکھی تھی جسکی آج آخری تاریخ تھی۔
مقررہ وقت کے خاتمے سے قبل چاروں ملزمان انٹی کرپشن جج نوید احمد کی عدالت میں پیش ہوئے۔ درخواستوں پر سماعت کے بعد انٹی کرپشن جج نے ایک ایک لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کا حکم صادر کرتے ہوئے تمام ملزمان کی دو جولائی تک ضمانت منظور کر لی اور کیس واپس ڈی جی خان کی انٹی کرپشن کورٹ میں منتقل کر دیا۔
ملزمان کیخلاف انٹی کرپشن تھانہ ہیڈ کوارٹر ڈیرہ غازیخان میں دو مقدمات درج ہیں جس میں سابق وزیراعلیٰ اور انکے چار بھائیوں سمیت ریونیو عملہ کیخلاف نو سو کنال اراضی کی 1982 میں ناجائز ایڈجسٹمنٹ کرانے کا الزام عائد ہے۔ مقدمات میں سابق وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے ہائیکورٹ بہاولپور بینچ سے حفاظتی ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔