لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین نے پنجاب اسمبلی میں حمزہ شہباز کی حمایت کرنے کے ن لیگ کے دعوے کی تردید کردی ۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ صاف الفاظ میں واضح کرتا ہوں کہ چودھری پرویزالٰہی ہی وزارت اعلیٰ کے ہمارے امیدوار ہیں، ہمارے ارکان سپیکر پنجاب اسمبلی کو ووٹ دیں گے۔
ق لیگی سربراہ نے کہا کہ غلط افواہیں پھیلا کر ہمارے کسی رکن اسمبلی کو غلط فہمی میں ڈالنے کی کوشش نہ کی جائے: مسلم لیگی ارکان پنجاب اسمبلی نے ہمیشہ پارٹی ڈسپلن کی پابندی کی ہے، انشاء اللہ وہ چودھری پرویزالٰہی کی حمایت کریں گے۔
چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ میں نے کبھی غلط بیانی نہیں کی، ہمیشہ صاف گوئی کا درس دیا ہے:اس طرح کی بے بنیاد افواہیں نہ پھیلائی جائیں۔