لاہور: (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر چودھری وجاہت حسین کی طرف سے نئی جماعت بنانے اور الزامات لگائے جانے کے بعد مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ تمام الزامات بے ہودہ ہیں، میں ان سب باتوں کا جواب گجرات جا کر وہاں عوام کے سامنے دوں گا۔
وجاہت حسین کی تقریر پر ردعمل دیتے مسلم لیگ ق کے صدر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ ان کا بیان بے ہودہ ہے، میرے چھوٹے بھائی وجاہت حسین نے ہمارے گھر گجرات میں لوگوں سے چند باتیں کی ہیں، آصف زرداری کے متعلق الزام تراشی کی گئی اور میرے بیٹوں پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے ڈالر مانگے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ میں نے بیٹوں کی ایسی تربیت نہیں کی، میرے کہنے پر بچے فی الحال خاموش ہیں، میں نے تلقین کی ہے ہمیشہ وعدے کا پاس رکھنا ہے، میرے کہنے پر ہی اپوزیشن کے متفقہ امیدوار شہباز شریف کو ووٹ ڈالا گیا، ہم نے کسی سے کوئی وزارت نہیں مانگی آصف علی زرداری نے خود آکر ہمیں مبارک باد دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: شجاعت اولاد کے ہاتھوں مجبور ہیں: وجاہت حسین کا نئی جماعت بنانے کا اعلان
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ چودھری وجاہت حسین نے بھی کہا 30 جون تک اگر مسلم لیگ ن سے ہم نے اتحاد ختم نہ کیا تو وہ نئی جماعت بنا لیں گے۔ پاکستان میں پہلے بھی سینکڑوں پارٹیاں بنی ہوئی ہیں ایک اور بن جائے گی تو کیا فرق پڑے گا۔ بھائی نے کہا طارق بشیر چیمہ نے ہمارے خاندان کو تقسیم کر دیا ہے۔ طارق بشیر چیمہ کے متعلق جو بیان دیا ہے وہ غیر اخلاقی اور جھوٹ پر مبنی ہے، چودھری وجاہت نےالزام لگایا ہے کہ میرے بیٹے مانگے تانگے کے وزیر بنے ہوئے ہیں اور ان کا کوئی حلقہ نہیں ہے، میں وجاہت حسین کی باتوں کا جواب کسی وقت گجرات جا کر گجرات والوں کے سامنے دوں گا، چودھری وجاہت حسین کو بتاؤں گا کہ کس کا کون سا حلقہ ہے۔
شجاعت اولاد کے ہاتھوں مجبور ہیں: وجاہت حسین کا نئی جماعت بنانے کا اعلان
پاکستان مسلم لیگ کے ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کے بھائی چودھری وجاہت حسین نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے ہمارے خاندان کو تقسیم کر دیا۔ 5 ماہ سے دونوں بھائیوں کو اکٹھا کرنیکی کوشش کی، چودھری شجاعت اولاد کے ہاتھوں مجبور ہو چکے ہیں، شجاعت حسین کو انکے بیٹوں نے یرغمال بنارکھا ہے۔
ان خیالات کا اظہار سابق وفاقی وزیر نے گزشتہ روز چودھری حسین الٰہی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا تھا۔
چودھری وجاہت حسین نے کہا کہ ہم نئی جماعت بنائیں گے، 5 ماہ سے دونوں بھائیوں کو اکٹھا کرنیکی کوشش کی، شجاعت حسین کو انکے بیٹوں نے یرغمال بنارکھا ہے، شجاعت حسین کو اولاد خراب کر رہی ہے، الیکشن کسی وقت بھی متوقع عوام کی رائے سے کوئی لا علم نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ق لیگی سربراہ نے مجھے کہا ہے کہ عوام کو پیغام دو کہ میں اور پرویز الٰہی ایک تھے ایک ہیں، کیا وقت آ گیا ہے کہ ایک بھائی آگے ہے جبکہ دوسرے بھائی کے پیچھے پولیس نظر آتی ہے۔ چودھری ظہور الٰہی خاندان کو نہ جانے کس کی نظر لگ گئی،
یہ بھی پڑھیں: چودھری شجاعت کے بھتیجے حسین الہیٰ نے ق لیگ چھوڑدی
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ شجاعت حسین کی خاندان سے قربت ہوتے دیکھ کر کبھی آصف علی زرداری، کبھی وزیراعظم شہباز شریف ، کبھی مولانا فضل الرحمان انکے گھر پہنچ جاتے ہیں۔ طارق بشیر چیمہ نے ہمارے خاندان کو تقسیمِ کر دیا۔ زرداری جتنے پیسے بانٹتا پھرتا ہے اتنے چودھری شجاعت خیرات میں دیا کرتے ہیں، افسوس کا مقام ہے شجاعت حسین کابیٹا زرداری سے ڈالرمانگ رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی پی 31 سے ہمارے خاندان کے امیدوار عمران مسعود ہی ہیں، چودھری شجاعت اولاد کے ہاتھوں مجبور ہو چکے ہیں۔ جونیجو دور سے لیکر کئی سالوں تک نواز شریف کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑا جب جدہ گئے تب ساتھ چھوڑا۔ مشرف کا ساتھ اس وقت تک دیا جب تک وہ پاکستان میں رہے۔ عمران خان سے اپنا وعدہ پورا کرینگے۔ سالک حسین کا گجرات کی سیاست سے کبھی کوئی تعلق نہیں رہا، پی ڈی ایم اے کو جب تک ٹیک دینے والے اور باہر کی قوتیں ساتھ ہیں وہ چلیں گے وگرنہ دو دن نہیں چل سکتی۔
اس موقع پر رکن قومی اسمبلی چودھری حسین الٰہی نے کہا کہ جو مخالفین ہمارے حلقوں، ضلعوں میں ہمیں نہیں ہرا سکے وہ ہمارے گھر میں دراڑیں ڈال رہے ہیں، ہم مخالفین کادلیری سے مقابلہ کرینگے، واپسی کاکوئی راستہ نہیں، ن لیگی حکومت چودھری پرویز الٰہی، مونس الہیٰ پر مقدمات درج کروا رہے ہیں، دوسری طرف گھر کے افراد شہباز شریف کو تعاون کی یقین دہانیاں کروا رہے ہیں، ظہور الٰہی خاندان کے اپنے افراد ہی خاندان کو کمزور کررہے ہیں۔