پی ٹی آئی کراچی صدر بلال غفار نے اپنی پارٹی کے ایم پی اے کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا

Published On 29 June,2022 09:31 pm

کراچی: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کراچی کے صدر بلال غفار نے اپنی ہی جماعت کے رکن صوبائی اسمبلی ملک شہزاد کیخلاف مقدمہ درج کروادیا۔

تحریک انصاف کراچی کے اراکین سندھ اسمبلی ایک دوسرے کیخلاف ہوگئے، صدر پی ٹی آئی کراچی بلال غفار نے ایم پی اے ملک شہزاد کیخلاف تھانہ ٹیپو سلطان میں مقدمہ درج کرادیا، ایف آئی آر میں حملہ کرنے، بلوہ اور نقصان پہنچانے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

بلال غفار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ملک شہزاد کی قیادت میں گزشتہ رات ایک بج کر 15 منٹ پر میرے گھر 70 سے 80 افراد پہنچے، میرے گارڈ اور دیگر ملازمین کو حبس بے جا میں رکھا اور تشدد کیا۔ مجھے کچھ ہوا تو اس کے ذمہ دار ملک شہزاد ہوں گے، انہیں گرفتار کیا جائے۔

ملک شہزاد کا کہنا ہے کہ بلال غفار ہمارے بھائی ہیں، ان سے رابطہ نہیں ہورہا تھا، بلدیاتی الیکشن پر کچھ کارکنان کو تحفظات تھے، بات کرنے گئے تھے۔ کچھ کارکنان نے چوکیدار وغیرہ سے بدتمیزی کی ہے، بلال غفار سے رابطے میں ہیں، معاملہ ختم ہوجائے گا۔

یاد رہے کہ نومبر 2021ء میں کراچی کے جوڈیشل مجسٹریٹ غربی نے شہری کے گھر میں داخل ہوکر تشدد اور قتل کی دھمکیاں دینے کے کیس میں رکن سندھ اسمبلی ملک شہزاد اعوان کی گرفتاری کا حکم دیا تھا۔

اس سے قبل مارچ 2021ء میں ملک شہزاد اعوان نے این اے 249 پر امجد آفریدی کو ٹکٹ جاری کرنے پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کرتے ہوئے اپنا استعفیٰ حلیم عادل شیخ کو جمع کرایا تھا۔
 

 
Advertisement