عمران خان کا ریلی کی صورت میں راولپنڈی سے پریڈ گراؤنڈ تک جانے کا اعلان

Published On 01 July,2022 04:30 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے ریلی کی صورت میں راولپنڈی سے پریڈ گراؤنڈ تک جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت مسلسل عوام پر ناقابل برداشت بوجھ ڈال رہی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ روس سے سستا تیل خریدنے کے بجائے امریکا کی حکومت تبدیل کرنے کی سازش کے نتیجے میں اقتدار میں آنے والی امپورٹڈ حکومت مسلسل عوام پر ناقابل برداشت بوجھ ڈال رہی ہے۔

پی ٹی آئی چیئر مین نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے خود کو 1100 ارب روپے کا این آر او 2 دے دیا ہے۔ مجموعی طورپر پٹرول کی قیمت میں 99 روپے، ڈیزل کی قیمت میں 133 روپے اضافہ ہوا۔عوام اس کے خلاف کل ہمارے احتجاج میں شرکت کریں۔

اپنے ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں، بدترین لوڈ شیڈنگ کیخلاف انشاء اللہ ہفتے کو امپور ٹڈ حکومت کیخلاف پریڈ گراؤنڈ میں تاریخی جلسہ ہو گا، میں پنڈی سے پریڈ گراؤنڈ تک ریلی کی قیادت کروں گا۔

Advertisement