اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو دو جولائی کو پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت انتظامیہ کی طرف سے مل گئی، جلسے کا این او سی جاری کر دیا گیاہے۔
اسلام آباد انتظامیہ نے این او سی میں کہا ہے کہ احتجاج کے دوران ریاست کے خلاف نعرے بازی نہیں ہوگی، پریڈ گراؤنڈ میں احتجاج مقررہ وقت میں ختم کرنا ہوگا اور دھرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
این او سی میں کہا گیا کہ مظاہرین کو پُرامن منتشر کرنا پی ٹی آئی کی ذمہ داری ہوگی، اسٹیج پر آنے والے افراد کی لسٹ 12 گھنٹے قبل ایڈمنسٹریشن کو دینا ہوگی، آرگنائزر پرائیویٹ سکیورٹی انتظامات سے متعلق ایس ایس پی آپریشنز کو آگاہ کرے گا۔ سی سی ٹی کیمرے لگائے جائیں گے، کسی قسم کے تشدد، جھگڑے اور اموات کی صورت میں آرگنائزر ذمہ دار ہوگا، راستے بند نہیں کیے جائیں گے ورنہ خلاف ورزی پر ایکشن لیا جائے گا اور طاقت کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔ جلسے کے دوران اسلام آباد ایکسپریس وے سمیت سڑکیں بند نہیں کی جائیں گی۔
اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بیان حلفی جمع کرایا گیا تھا۔
گزشتہ روز انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی کو پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت دینے سے گریز کرنے پر مرکزی سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمر نے سخت ردعمل کا اظہار کیا تھا۔