سپریم کورٹ کے فیصلے میں جو چیزیں چاہتے تھے وہ مانی گئیں: پرویز الہی

Published On 01 July,2022 06:42 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ بڑا اچھا ہے،جو چیز یں ہم چاہتے تھے وہ مانی گئی ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے بھی کہا ہے کہ یہ بہت اچھا اور اجتماعی فیصلہ ہوا ہے۔

 

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ کئی ماہ سے ایوان میں جو بحران تھا وہ آج حل ہوا ہے جس پر میں تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے دوستانہ طور پر بیٹھ کر اس بحران کو حل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب جو چیزیں طے ہوئی ہیں ان میں انتقامی کارروائیوں اور پولیس کا عمل نہیں ہوگا اور بلکل قوانین کے مطابق چلایا جائے گا جس میں ہماری مشاورت بھی شامل ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے لیے انتخاب 22 جولائی کو ہوگا جس سے قبل لوٹوں کی جگہ پر نئے اراکین بننے کے حوالے سے نوٹی فیکیشن جاری ہوں گے اور ایوان مکمل ہو جائے گا جس میں ہمارے وہ اراکین بھی شامل ہوں گے جو مخصوص نشستوں پر منتخب ہوں گے جس کے بعد ہی انتخاب ہوگا۔

پرویز الہٰی نے کہا کہ ایوان کی کارروائی صرف اور صرف پنجاب اسمبلی کے چیمبر میں ہوگی اس کے علاوہ کہیں نہیں ہوگی جس کے لیے مجھے کہا گیا ہے کہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام عمل قوانین کے مطابق ہوگا جس پر میں نے کہا کہ جب حمزہ شہباز جیل میں تھے تو میں نے ہی ان کی پیشی کے احکامات جاری کیے تھے اور اسی میں ہی جمہوریت اور انصاف کی بہتری ہے۔

 

 ضمنی الیکشن، مخصوص نشستوں کے نوٹیفکیشن تک حمزہ شہباز کو قبول کیا: اسد عمر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ ہم نہ کل حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ پنجاب مانتے تھے نہ آج مانتے ہیں، صرف ضمنی الیکشن، مخصوص نشستوں کے نوٹیفکیشن تک انہیں کو قبول کیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ خوشی ہے جمہوریت کی بہتری کیلئے پی ٹی آئی نے یہ لڑائی لڑی ہے یہ صرف ہمارا نہیں عدالت کا بھی مؤقف ہے کہ حمزہ منتخب وزیراعلیٰ تھے ہی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نہ کل حمزہ کو مانتے تھے نہ آج مانتے ہیں ہم نے صرف ضمنی الیکشن، مخصوص نشستوں کے نوٹیفکیشن تک حمزہ کو قبول کیا ہے۔ پنجاب میں حکومتی مشینری کا استعمال، لوگوں پر دباؤ ڈالا جارہا ہے اور غیرقانونی ترقیاتی کام بھی کرائے جارہے ہیں ایسے افسروں کو لگایا جارہا ہے جو ٹھیک نہیں ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما کے مطابق عدالت نے کہا آرڈرمیں لکھیں گے الیکشن پر اثرانداز ہونے کی کوشش قبول نہیں ہوگی چیف جسٹس نے کہا ہے کہ صاف وشفاف الیکشن ہوں۔ کرسی پرحمزہ شہباز بیٹھیں گے مگر کسی حکومتی مشینری کےاستعمال کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ پی ٹی آئی کی مقبولیت سے ن لیگ کو اپنی شکست نظرآرہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام مہنگائی، لوڈشیڈنگ سے غلامی کی قیمت ادا کررہی ہے جبکہ کل پریڈ گراؤنڈ میں عمران خان جلسے عام سے خطاب کریں گے۔

 

Advertisement