وزیراعظم سے چودھری شجاعت کی ملاقات، ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

Published On 03 July,2022 09:33 pm

لاہور:(دنیا نیوز) وزیراعظم میاں شہباز شریف سے مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں وفاقی وزیر چودھری سالک حسین، صوبائی وزیر ملک احمد خان اور چودھری شافع حسین بھی موجود تھے۔

اس موقع پر چودھری شجاعت حسین کی وزیراعظم سے گفتگو ہوئی کہ آپ نے حکومت اور اپوزیشن میں 10 سال سے زائد عرصہ گزارا، عوامی مسائل کو سمجھتے ہیں، شہباز شریف پہلے وزیراعظم ہیں جنہوں نے بجٹ میں زراعت پر توجہ دی، اس سے پہلے زراعت پر خاطر خواہ کام نہیں کیا گیا، کسانوں، زمینداروں کے لیے عملی کام کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر خزانہ نے بجٹ میں سادہ اور عوامی زبان استعمال کی، موجودہ بجٹ میں صارفین کو ڈائریکٹ فائدہ پہنچانے کے اقدامات کیے گئے، گزشتہ بجٹ میں صنعتکاروں کو اس لیے مراعات دی گئیں کہ وہ عوام کو سستی چیزیں فراہم کریں، ٹریکٹر پر سبسڈی اب براہ راست صارف کو دی جارہی ہے، بیج کو باہر سے امپورٹ کرنے کے بجائے پاکستان میں اگایا جائے تاکہ صارف کو فائدہ ہو، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو مزید فنڈ فراہم کیے گئے۔
 

Advertisement