لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کی ترقی کے دشمن کا نام عمران خان ہے، پورے ملک سے اس کی سیاست کا صفایا ہونے جا رہا ہے، 17جولائی کو پنجاب کی ترقی کی جنگ جیتنی ہے۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے لاہور کے حلقے پی پی 170 میں ضمنی الیکشن سے قبل ویلنشیا ٹاؤن میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہاں پر مشیر برائے وزیراعظم عون چودھری کے بھائی محمد ذوالقرنین مسلم لیگ ن کے امیدوار ہیں جن کامقابلہ پاکستان تحریک انصاف کے ظہیر عباس کھوکھر سے ہے۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آپ سب کو لندن میں سے پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کی جانب سے سلام پیش کرتی ہوں، جس محبت سے میرااستقبال کیا میں آپ سب کی شکرگزار ہوں، پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کا فیصلہ دل پر پتھر رکھ کیا گیا، پنجاب میں 100 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والوں کو کبھی بل نہیں آئے گا۔ چار سالوں سے صرف امیروں کو نوازا جاتا تھا، ن لیگ کی عوامی حکومت آتے ہی آغاز غریب سے کیا ہے، چاہتے ہیں غریب پر بوجھ کم سے کم پڑے، ملک کا خزانہ بنی گالہ والے کھا گئے، ہماری کوشس ہے غریب کا چولہا جلتا رہے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں غریب پر بوجھ کم سے کم پڑے، ملک کا خزانہ بنی گالہ والے کھا گئے، ہماری کوشس ہے غریب کا چولہا جلتا رہے۔ سیاست کا پالا ایک ایسے شخص سے پڑ گیا ہے جو فتنہ ہے، پٹرول کی قیمتیں آئی ایم معاہدے کے باعث بڑھانا پڑیں، آئی ایم ایف سے تیل کی قیمتیں بڑھانے کا معاہدہ پی ٹی آئی چیئر مین نے کیاتھا، آئی ایم ایف معاہدے کی وجہ سے ہمیں مشکل فیصلے کرنے پڑے۔
ن لیگ نائب صدر نے کہا کہ نوازشریف اور (ن) لیگ مشکل وقت میں عوام کے ساتھ ہیں، مشکل فیصلے نہ کرتے تو ملک دیوالیہ ہو جاتا، لوگوں کو چور اور ڈاکو کہنے والا ملکی تاریخ کا سب سے بڑا وارداتیا نکلا، تاریخ کے بڑے سکینڈل عمران خان کے دور میں آئے۔ خزانہ خالی ہے مگرشہباز شریف نے یوٹیلیٹی سٹورز پر سستا آٹا دیا ہے، پنجاب میں 100 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والوں کو بل نہیں آئے گا، عون چودھری، جہانگیر ترین و دیگر توبہ توبہ کر کے تحریک انصاف سے نکلے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ہمیں کہتا تھا امریکا کے غلام ہیں، 4سال تک جب ان کی حکومت تھی تب کوئی امریکی سازش نہیں تھی، اپنے جلسوں میں امریکی عہدیدا ڈونلڈ لو کیخلاف باتیں کرتا رہا، عمران خان نے 2 دن پہلے اپنا عہدیدار ڈونلڈ لو کے پاس بھیجا، عمران خان کے عہدیدار نے کہا کہ ہم سے غلطی ہو گئی معاف کردیں۔ ایسا سنگین مذاق کوئی عقل و شعور رکھنے والا کر سکتا ہے، یہ مذاق اس نے ہمارے ملک پاکستان کے ساتھ کیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ تاریخ کے بڑے سکینڈلز عمران خان کے دور میں آئے، الزامات میرے قائد نواز شریف پر بھی لگے لیکن ایک بھی ثابت نہیں ہوا، میرے والد کو چھوڑنے والوں نے بھی کہا یہ شخص کرپٹ نہیں، پنجاب کی ترقی کے دشمن کا نام عمران خان ہے، فتنہ خان تمہیں پیغام دینا چاہتی ہوں کہ پنجاب کے عوام جان گئے ہیں کہ صوبے کی ترقی کا دشمن آپ ہو، اب نہ صرف پنجاب بلکہ پورے ملک سے عمران خان کی سیاست کا صفایا ہونے جا رہا ہے، پنجاب کو لوٹنے والے گینگ کا سرغنہ عمران خان تھا، ان کی حکومت میں کہیں سڑکیں ٹوٹ گئیں، کہیں کچرے کے انبار لگ گئے، اب پنجاب ترقی کرے گا، پنجاب کا مینڈیٹ پھر کسی کو چھینے کی اجازت نہیں دیں گے، پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) ن لیگ نے بنایا تھا، عمران خان نے جی پیک بنایا، مسلم لیگ ن آپ کو کبھی مایوس نہیں کرے گی، 17جولائی کو پنجاب کی ترقی کی جنگ جیتنی ہے، مسلم لیگ ن دن رات محنت کر کے آپ کو مشکلات سے نکالے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے کہتا رہا ہے سوشل میڈیا اور میڈیا کے ذریعے مہم چلائیں، آج تک مجھ پر کچھ ثابت نہیں کرسکا جبکہ اس کی بیوی کی آڈیو سامنے آگئی، کوئی میری، اہلیہ کی سہیلی کی کرپشن، نالائقی کا سوال پوچھے تو جواب دینا غداری ہوگئی، سازش ہو گئی، شکر ہے بشریٰ بی بی نے یہ نہیں کہا مجھے خواب میں بشارت ہوئی ہے سوشل میڈیا پر ٹرینڈ چلانا ہے.
انہوں نے کہا کہ مذہب کو دکھاوے، سیاست، سیاسی مخالفین کو گندا کرنے کے لیے استعمال کرنے سے بڑا جرم کبھی کسی نے نہیں کیا، فتنہ خان نے جھوٹے الزامات لگا کر اپنے سیاسی مخالفین کو مذہب کی آڑ میں گولیاں مروائیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہاتھ اٹھا کر وعدہ کرو کہ میرے بھائی امین کو ووٹ دے کر کامیاب بناؤ گے اور پنجاب کا مینڈیٹ پھر کسی کو چھیننے کی اجازت نہیں دو گے۔ 17 جولائی کو گھروں میں کوئی نہیں بیٹھے گا، جوق درجوق خود بھی نکلو گے، میری بیٹیاں، میری بہنیں، میری مائیں گھروں میں نہ بیٹھیں، 17 جولائی پنجاب کی ترقی کی جنگ ہے جسے جیتنا ہے۔