لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان کے معاہدہ توڑنے کے باعث عالمی مالیاتی ادارے(آئی ایم ایف) پاکستان کی امداد کیلئے ناک سے لکیریں نکلوا رہا ہے۔
لاہور میں انتخابی مہم کے سلسلے میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ جلسہ گاہ پہنچنے میں بہت وقت لگا، ایک جلسہ یہاں کئی باہر ہو رہے ہیں، پی پی 167 کا جذبہ بتارہا ہے گرین ٹاؤن میں شیر آرہا ہے، نذیر چوہان کو مبارکباد دیتی ہوں کہ وہ کامیاب ہوگئے ہیں۔ فتنہ خان پورے پاکستان سے اتنے لوگ اکٹھے نہیں کرسکا جتنے گرین ٹاؤن میں ہوگئے، مخالفین نے سوچا حکومت کو مشکل فیصلے کرنے پڑے، انہوں نے سوچا شاید مریم نواز عوام میں نہیں نکلے گی آج انہیں بڑی مایوسی ہوئی، عوام تکلیف میں ہوگی تو نواز شریف کی بیٹی عوام کے درمیان ہوگی، معلوم ہے مہنگائی ہے مگر مہنگائی پچھلے 4 سالوں سے ہے۔
پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں پر نواز شریف کا دل خون کے آنسو رو رہا ہے
انہوں نے کہا کہ عوامی کے دکھ، تکلیف اور مشکلات کا احساس ہے، آپ کی تکلیف میں آپ کے ساتھ کھڑی ہوں گی، نواز شریف نے کہا کہ لوگوں کو بتاؤں کہ پٹرول، ڈیزل کی قیمتوں پر نواز شریف کا دل خون کے آنسو رو رہا ہے، یہ مسائل ہمارے پیدا کردہ نہیں، مگر ان مسائل سے نکالنا ہماری ذمہ داری ہے، جن مسائل میں فتنہ خان عوام کو چھوڑ گیا، نواز شریف اور شہباز شریف نکالیں گے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ پٹرول کی قیمت میں اضافے کی وجہ فتنہ خان کا آئی ایم ایف سے معاہدہ ہے، معاہدہ کیا برا کیا، معاہدے سے روگردانی کی اس سے بھی برا کیا، آج آئی ایم ایف پاکستان کی امداد کیلئے ناک سے لکیریں نکلوا رہا ہے۔ عمران خان نے خزانے میں کچھ چھوڑا ہوتا تو یہ خزانے عوام پر نچھاور کردیتے، عمران خان کو چوری اور ڈاکے کی عادت پڑ چکی ہے، 2018ء میں عوامی مینڈیٹ چرا کر پاکستان پر مسلط ہوگیا، اس کے بعد قومی خزانے پر بھی ہاتھ صاف کردیئے۔
شیر کا ساتھ دو وعدہ کرتی ہوں مشکلات سے نکل آئیں گے
ن لیگی نائب صدر نے کہا کہ میں آج آپ سب سے مدد مانگنے آئی ہوں، شیر کا ساتھ دو وعدہ کرتی ہوں ان مشکلات سے نکال کر لے جائیں گے، مسلم لیگ ن نے چیلنجز میں حکومت لی، یقین رکھو کہ ان چیلنجز سے نمٹنا بھی آتا ہے۔ فتنہ خان کہتا ہے مجھے پتا ہے پٹرول کی قیمتیں اور بڑھیں گی، اگر یہ خبر معاہدہ کرنے والے کو نہیں معلوم ہوگی تو کس کو ہوگی؟، فتنہ خان نے پاکستان کو سری لنکا بنانے کا پورا پلان بنایا ہوا تھا، خالی خزانے کیساتھ شہباز شریف نے آٹے، چینی، دالوں پر سبسڈی دی۔
ان کا کہنا ہے کہ فتنہ خان نے پنجاب کے عوام کے میںڈیٹ پر تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکا ڈالا، نواز شریف نے عوام کو اورنج لائن دی، فتنہ خان نے ایسی منی لائن دی جو سیدھی بنی گالہ جاتی تھی، ابراہیم مانیکا 4 سال میں ارب پتی ہوگیا، جو بھی ٹینڈر جاتا تھا اس میں ابراہیم کا کمیشن جاتا تھا۔