لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ہمیں عوام کی مشکلات کا احساس ہے۔ ملک کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے وقت لگے گا۔
جاتی امرا میں ن لیگ کی نائب صدر سے مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے ملاقات کی، ملاقات میں ملکی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران پروفیسر ساجد میر نے لندن میں مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف سے ہونے والی ملاقات کا احوال بتایا اور اہم پیغام بھی مریم نواز کو پہنچایا۔
اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ اس وقت وفاق میں پی ڈی ایم کی حکومت ہے اور پنجاب میں بھی اتحادی جماعتوں کے اشتراک سے حکومت چل رہی ہے۔ ہمیں عوام کی مشکلات کا احساس ہے۔ مہنگائی اور دیگر مسائل کا تمام قومی سیاسی جماعتوں نے ملک کر مقابلہ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے وقت لگے گا۔ عمرانی حکومت پاکستان کو عالمی تنہائی کا شکار کرکے گئی۔ ملکی استحکام کے ساتھ ملکی وقار بھی ہمیں عزیز ہے۔
سینیٹر ساجد میر نے کہا کہ ہمیں ملک پاکستان عزیز ہے۔ پی ڈی ایم کو بحرانی حالات میں حکومت کا کوئی شوق نہیں تھا۔ عمران خاں پاکستان کو تباہی کی طرف سے لیکر جارہا تھا۔ ملک کے وسیع تر مفاد کے لیے عمران خاں کو اقتدار کی کرسی سے اتارنا ناگزیر ہو چکا تھا۔