کراچی: (دنیا نیوز) انسداد دہشتگردی کی عدالت نے ایم کیو ایم رہنما بابر غوری کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
پولیس نے ایم کیو ایم رہنما بابر غوری کو انسداد دہشتگردی کی عدالت کے منتظم جج کے روبرو پیش کیا، اس موقع پر عدالت کے اطراف سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، پولیس بابر غوری کو موبائل کی فرنٹ سیٹ پر بٹھا کر لائی جبکہ انہیں ہتھکڑی بھی نہیں لگائی گئی تھی۔
پولیس نے انسداد دہشتگردی کی عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ بابرغوری پر اشتعال انگیز تقریر میں سہولت کاری کا الزام ہے اور ملزم کے خلاف سائٹ سپر ہائی وے تھانے میں مقدمہ درج ہے۔
پولیس نے عدالت سے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے بابر غوری کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
اس موقع پر ایم کیوایم بابر غوری نے کہا کہ میرے خلاف تمام الزامات بے بنیاد ہیں، انہیں مسترد کرتا ہوں، اگر الزامات میں سچائی ہوتی تو واپس نہ آتا، میری والدہ شدید علیل ہیں، دل کے ہاتھوں مجبور ہوکر وطن واپس آیا ہوں، وطن واپسی کے لیئے میں نے ضمانت کروائی تھی۔