اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق صدر و شریک چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے آئین و جمہوریت کی بحالی کیلئے شہادتیں بھی قبول کی ہیں۔
انہوں نے 5 جولائی یوم سیاہ کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو، شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو سمیت ان تمام سیاسی کارکنوں، طالب علموں، مزدوروں اور صحافیوں کو خراج عقیدت اور خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے 1973ء کے آئین اور جمہوریت کی بحالی کے لئے شہادتیں قبول کیں، کوڑے کھائے، جبر اور تشدد برداشت کیا۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت نے ہمیشہ ملک کو مشکلات سے نکالا، جب بھی آئین اور جمہوریت پر حملہ ہوا ہے پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے آئین اور جمہوریت کا بھرپور دفاع کیا۔
پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت نے ملک اور عوام کے لئے مشکلات بھی برداشت کی ہیں اور مشکل فیصلے بھی کئے ہیں، ملک اور عوام آج ایک بار پھر مشکلات سے نکل کر درست سمت کی طرف گامزن ہے، ملک کی تمام جمہوری قوتوں کو اکٹھا ہو کر اتفاق رائے سے فیصلے کرکے عوام کی زندگیوں میں آسانیاں لانے کیلئے کام کرنا ہوگا۔
سابق صدر نے مزید کہا کہ جمہوریت ہمیں کبھی بھی تحفے میں نہیں ملی، جمہوریت کی خاطر پیپلزپارٹی کے جیالوں نے تختہ دار بھی قبول کیا ہے، جیالوں نے بارودی سرنگوں کو بھی عبور کیا ہے اور اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر جمہوریت کو فتحیاب کیا ہے۔