کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں بارش کے باعث حادثات میں 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔ سکھر میں موسلا دھار بارش کے بعد سڑکیں اور نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ مختلف علاقوں میں بجلی بھی معطل ہو گئی۔
کراچی کی اعظم بستی میں پانی کی موٹر سے کرنٹ لگنے کے باعث ایک شخص جان سے گیا۔ ملیر کھوکھراپار میں گھر کی بارش کے باعث دیوار گرنے سے 14سالہ امان کی جان چلی گئی۔
دوسری جانب سکھر اور گردونواح میں موسلا دھار بارش کے بعد جل تھل ایک ہو گیا۔ شہر میں بارش رکنے کے 2 گھنٹے بعد بھی بجلی بحال نہ ہوسکی۔ شہر میں نکاسی آب کا نظام درہم برہم ہو گیا، سڑکیں اور نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ ضلعی انتظامیہ کے ناقص انتظامات کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی اٹھانی پڑی۔
بارشوں کے باعث کراچی ڈویژن میں ٹریک متاثر ہونے سے اپ ریلوے ٹریک بلاک ہو گیا۔ سرگودھا سے کراچی جانے والی ملت ایکسپریس کو پڈعیدن ،راولپنڈی سے کراچی جانے والی تیزگام ایکسپریس کو باندھی،ملتان سے کراچی جانے والی زکریا ایکسپریس کو نوابشاہ ریلوے اسٹیشن پر روک دیا گیا۔