ضمنی الیکشن، تیاریاں فائنل، لاقانونیت برداشت نہیں کی جائیگی: چیف سیکرٹری پنجاب

Published On 15 July,2022 07:46 pm

لاہور:(دنیا نیوز) پنجاب میں ضمنی الیکشن کی تیاریاں فائنل ہوگئیں، چیف سیکرٹری کے زیر صدارت اجلاس میں سکیورٹی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا جبکہ کامران علی افضل نے وارننگ کی دی کہ لاقانونیت کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

پنجاب میں ضمنی انتخابات کے سلسلہ میں چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل کے زیر صدارت اجلاس کا انعقاد کیا گیا، اجلاس میں پنجاب کے 14 اضلاع کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات کیلئے سکیورٹی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری نے کہا کہ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف ضمنی انتخابات یقینی بنانے کے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا، لاقانونیت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف بلا امتیاز، فوری اور سخت کارروائی کی جائے گی، اسلحہ کی نمائش پر سخت ایکشن لیا جائے گا، امن و امان کا مسئلہ پیدا کرنے، جتھے بنانے اور لوگوں کو مسلح کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، سیکرٹری اطلاعات اور متعلقہ افسران، متعلقہ اضلاع کے ڈویژنل کمشنرز، آر پی اوز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
 

Advertisement