راولپنڈی: (دنیا نیوز) سابق وزیر داخلہ و سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کل کا دن بہت اہم ہے، ملکی تاریخ میں ایسا الیکشن کبھی نہیں دیکھا،اسٹیبلشمنٹ سے گزارش ہے وہ ضمنی انتخابات سے د ور رہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ نے ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اٹک کی عدالت نے 8 تاریخ دی ہے، اتنے جھوٹے کیس بنائے ہیں کہ ہر روز ایک عدالت میں پیش ہونا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ سے آج ایک اہم بات کرنا چاہتا ہوں، کل کا دن بہت اہم ہے، پاکستانی تاریخ میں ایسا الیکشن کبھی نہیں دیکھا، اسٹیبلشمنٹ سے گزارش ہے وہ الیکشن سےدور رہیں، کسی قسم کی دھاندلی، غنڈہ گردی، دھونس قوم برداشت نہیں کرےگی۔
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) July 16, 2022
شیخ رشید نے ویڈیو بیان میں مزید کہا کہ کل کے الیکشن میں اسٹیبلشمنٹ نے ثابت کرنا ہے کہ وہ غیر جانبدار ہیں، عمران خان پر آرٹیکل 6 لگانے والےعقل کے اندھے ہیں، یہ سپریم کورٹ کا اضافی فیصلہ ہے، ان کے پاس عقل کی کمی ہے جودو، دو یا ایک ایک ووٹ سے قوم پرمسلط کیےگئے۔
سابق وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ اگر کل قوم عمران خان کوووٹ دیتی ہے تو اسکا راستہ نہ روکا جائے، اگرعوام کا راستہ روکا گیا تو ملک میں ایسی چنگاری نکلے گی ایسی آگ پھیلےگی جو سب کولپیٹ میں لے گی، کل کا دن پاکستان کے سیاسی استحکام کے امتحان کا دن ہے، پاکستان کےسیاسی استحکام کے دن عوام کو فیصلہ کرنا چاہیے، کسی کومداخلت نہیں کرنی چاہیے۔