سرکاری فیس کی ادائیگی میں کروڑوں کا غبن، شیخ رشید اینٹی کرپشن پنجاب میں طلب

Published On 13 July,2022 06:10 pm

لاہور:(دنیا نیوز) سرکاری فیس کی ادائیگی میں کروڑوں کے غبن میں سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کو اینٹی کرپشن پنجاب نے طلب کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ہاؤسنگ سوسائٹی کو فروخت کی گئی زمین کی سرکاری فیس کی ادائیگی میں خوردبرد کی گئی، اینٹی کرپشن پنجاب نے معاملہ کی مزید تحقیقات کیلئے شیخ رشید کو 15 جولائی کو طلب کیا ہے۔

اس حوالے سے ذرائع کا مزید بتانا تھا کہ سابق وفاقی وزیر داخلہ کو زمین کی فروخت کے مکمل ریکارڈ کے ساتھ اینٹی کرپشن ہیڈ آفس لاہور میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے، معاملہ کی تحقیقات کیلئے اینٹی کرپشن نے ہاؤسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ کو بھی طلب کیا ہے۔

  شیخ رشید نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میں اینٹی کرپشن میں پیش ہوں گا، سیاسی دباؤ ڈالنے کیلئے کیس بنائے جا رہے ہیں، گرفتاری کرنا ہے تو کر لیں، یہ تو بتائیں کیس کیا ہے، اینٹی کرپشن نے طلب کیا ہے تو دیکھتے ہیں کیا کہتے ہیں، 50، 60 سال سے زمین میرے پاس ہے۔

سابق وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت شرارت کر رہی ہے، پرسوں انہوں نے میری سکیورٹی واپس لے لی، اب ٹی وی سے نوٹس کا پتہ چلا، مجھے اب تک کوئی نوٹس نہیں ملا، جس کیس کا حوالہ دیا جا رہا ہے اس کی ابھی تک ڈیل مکمل نہیں ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں جمعرات کو پریس کانفرنس کروں گا، یہ بہانے ڈھونڈ رہے ہیں کہ میں لاہور سے چلا جاؤں، یہ میری ضمنی انتخاب کی مہم سے خوفزدہ ہیں، متنبہ کرتا ہوں اگر عوام کے فیصلے کو طاقت سے روکا گیا تو بڑا طوفان کھڑا ہو گا، عمران خان ضمنی الیکشن کے بعد کال دے سکتے ہیں۔
 

Advertisement