لاہور: (دنیا نیوز) مظفرآباد کے نواحی علاقے نوسیری میں باراتیوں کی گاڑی بے قابو ہو کر نوسیری ڈیم میں جا گری۔ افسوسناک حادثے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔
مظفرآباد سے وادی نیلم جانے والی بارات میں شامل کار جس میں دلہا، دلہن اور 4 کم سن بچیوں سمیت کل 9 افراد سوار تھے، نوسیری میں چھکڑنکہ کے مقام پر حادثے کا شکار ہوئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچیں اور امدادی کاروائیوں کے نتیجے میں 4 بچیوں اور دلہے کو زخمی حالت میں قریبی ہسپتال منتقل کردیا ۔
افسوسناک حادثے میں دیگر 4 افراد جن میں تین خواتین سفینہ، آمنہ، شگفتہ اور ایک مرد ندیم زندگی کی بازی ہار بیٹھے۔ پولیس افسران کا کہنا ہے کہ تاحال حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی تاہم ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد حادثے کے اسباب اور وجوہات کے بارے تحقیقات کی جائیں گی۔