شہبازگل کی غیرقانونی گرفتاری کی شدید مذمت کرتاہوں: عمران خان

Published On 17 July,2022 04:26 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شہبازگل کی غیرقانونی گرفتاری کی شدید مذمت کرتاہوں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے لکھا کہ محض عوام کوخوفزدہ کرنےاورانتخاب میں دھاندلی کےپیشِ نظرشہبازگل کی غیرقانونی گرفتاری کی شدید مذمت کرتاہوں۔یہ فسطائی حربےمؤثرثابت ہوں گے نہ ہی ہمارےلوگ اپنا حقِ رائےدہی استعمال کرنےسےبازآئیں گے۔

سابق وزیراعظم نے لکھا کہ امپورٹڈ حکومت کےسرپرستوں کو اس نقصان کااحساس ہوناچاہئیے جو وہ ہماری قوم کو پہنچا رہے ہیں۔

اس سے قبل عمران خان نے ٹویٹر پر لکھا کہ حقیقی آزادی کی خاطر لوگ خصوصاً خواتین ووٹ ڈالنے کے لیے گھروں سے نکلیں۔ مجھے اپنے ووٹرز کو دیکھ کر خوشی محسوس ہورہی ہے، جو ہراساں کرنے کی (حکومتی) کوششوں کی مزاحمت اور تمام دباؤ کا مقابلہ کرتے ہوئے بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے کے لیے نکلے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ میری خواہش ہے تمام لوگ، خصوصاً خواتین، جو ابھی اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے گھروں سے نکلیں گی، ضرور نکلیں کیوں کہ یہ پاکستان کی خودمختاری اور حقیقی آزادی کا انتخاب ہے۔
 

 
Advertisement