لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میرے نام سے جو مبینہ آڈیو آئی ہے یہ اُجرتی قاتل رانا ثناء اللہ نے جاری کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پراپنے ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ جلیل احمد شرقپوری ایک عظیم، شریف اور دیانتدار شخص ہیں، وہ اللہ اور اس کے رسول کی ناموس کی حفاظت کرنے والے انسان ہیں۔ میرے نام سے جو آڈیو رانا ثناء اللہ اجرتی قاتل نے جاری کی ہے، اس منشیات فروش نے جاری کی ہے جس نے فون کو جوڑ کر ایسی باتیں جاری کیں جس سے کسی ایک شریف آدمی کی عزت کو مجروح کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ جلیل احمد شرقپوری کی عزت پر کسی قسم کا کوئی دھبہ نہیں ہے، حکومت کو تکلیف ہے جلیل شرقپوری نے اپنا استعفی پرویز الٰہی کو کیوں دیا کیونکہ وہ وزارت اعلیٰ کے امیدوار ہیں، میں ساری قوم کو بتانا چاہتا ہوں اس حکومت کی حالت دیکھیں یہ کس قسم کے گندے اور پراپیگنڈے پر آ گئی ہے۔
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) July 17, 2022
شیخ رشید احمد نے کہا کہ جو اُس شائستہ اور ناشائستہ کو اٹھاتے ہیں اللہ کی پکڑ میں آئیں گئے، جلیل احمد شرقپوری کی حلف پر میں قسم کھاتا ہوں کہ وہ نیک انسان ہیں، میرا ان سے کوئی سیاسی تعلق نہیں ہے، میں صوبے کی سیاست پر یقین نہیں رکھتا، میری طرف سے جو باتیں کی گئی ہیں اس میں نے کچھ از راہِ مذاق بات کی ہیں، لیکن ساری قوم کو دیکھ لے حکومت فون ٹیپ کرنے سے باز نہیں آتی، انشاء اللہ یہ اللہ کی پکڑ میں آئینگے۔