لاہور: (دنیا نیوز) مون سون ہواؤں کی نئی انٹری کے بعد گجرات، پسرور اور دیگر علاقوں میں بادل برس پڑے، آج سے پیر تک ملک کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے جس سے ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ہے۔
ملک میں مون سون کا نیا سپیل آتے ہی گجرات ، پسرور اور دیگر علاقوں میں کہیں رم جھم ، کہیں تیز بارش ہوئی۔ ظفروال اور گردونواح میں موسلادار بارش نے جل تھل ایک کر دیا۔ شہر اور قصبات میں گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔محلہ مصطفٰی آباد چونڈہ روڈ،مسلم ٹاؤن اورننگل سودکاں میں پانی کھڑا ہو گیاجس سے لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔
خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برس پڑے۔ صوابی اور دیگر علاقوں میں موسلادھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی جیسی صورتحال پیدا ہو گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع کا موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم خضدار، آواران ،لسبیلہ اور بارکھان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق بلوچستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے 88 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔