لاہور: (دنیا نیوز) سیشن عدالت نے لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ اور پولیس پر تشدد سمیت تین مختلف مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما شفقت محمود کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی اور آئیندہ سماعت پر طلب کر لیا۔
ایڈیشنل سیشن جج صائمہ قریشی، صائمہ حسنین اور ایڈیشنل سیشن جج محمد احمد حسنین نے شفقت محمود کے خلاف تین مختلف مقدمات میں عبوری ضمانت پر سماعت کی۔ شفقت محمود کے وکلا نے حاضری معافی کی درخواست دائر کی اور موقف اپنایا کہ شفقت محمود اسلام آباد میں سیاسی مصروفیت کے باعث آج عدالت پیش نہیں ہو سکتے، عدالت ایک دن کی حاضری معافی منظور کرے۔
تھانہ شفیق آباد میں درج مقدمہ میں شفقت محمود کی عبوری ضمانت پر سماعت 6 اگست تک توسیع کا حکم جاری کر دیا۔ تھانہ اسلام پورہ اور فیکٹری ایریا میں درج مقدمات میں شفقت محمود کی عبوری ضمانت 5 اگست تک توسیع کا حکم جاری کر دیا۔
سیشن کورٹ نے الگ الگ مقدمات میں پچاس ، 50 ہزار کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ۔ عدالت نے پولیس کو شفقت محمود کی گرفتاری سے روک دیا اور متعلقہ پولیس سٹیشنز سے مقدمات کا مکمل ریکارڈ طلب کیا ہے۔ پولیس نے 25 مئی کو لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کے مقدمات درج کر رکھے ہیں۔