اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین عمران خان نے کہا تو ایک منٹ نہیں لگاؤں گا پنجاب اسمبلی توڑ دوں گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالٰہی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات کی جس کے دوران سبطین خان کو سپیکر پنجاب اسمبلی بنانے سمیت اہم فیصلے کئے گئے۔
عمران خان نے چودھری پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد دی، ملاقات میں پی ٹی آئی کی سینئر قیادت بھی موجود تھی۔
اس موقع پر پنجاب کی سیاسی اور انتظامی صورتحال پر گفتگو ہوئی جبکہ سپیکر پنجاب اسمبلی، ڈپٹی سپیکر اور پنجاب کابینہ سمیت اہم تقرریوں پر مشاورت ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: پرویز ، عمران ملاقات، سبطین خان کو سپیکر پنجاب اسمبلی بنانے کا فیصلہ
ملاقات کے دوران پی ٹی آئی رہنما سبطین خان کو سپیکر پنجاب اسمبلی بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ سپیکر کی نشست کیلئے شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے زین قریشی اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی متحرک تھے جبکہ میاں محمود الرشید اور میاں اسلم اقبال بھی سپیکر شپ کی دوڑ میں شامل تھے تاہم پارٹی قیادت نے سبطین خان کا نام فائنل کیا۔
دوسری طرف اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا تو اسمبلی توڑنے میں ایک منٹ نہیں لگاؤں گا، پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین اور سابق صدر آصف علی زرداری سے کوئی رابطہ نہیں ،نہ ہی کروں گا۔