کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں کورنگی کراسنگ پل کے منصوبہ منظور کر لیا۔
وزیراعلیٰ ہاؤس میں وزیر اعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کی صدارت میں کراچی کے مختلف منصوبوں پر اہم اجلاس ہوا،اجلاس میں وزیر بلدیات ناصرشاہ، ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب ودیگرشریک ہوئے،مرادعلی شاہ نےکراچی کےمختلف اہم منصو بو ں پر کام جلد شروع کرنے کی ہدایت دی ساتھ ہی کورنگی کراسنگ پل کے منصوبہ کی منظوری بھی دے دی۔ وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر کورنگی کراسنگ پل 6 رویہ بنائی جائے گی۔
اجلاس میں حب کینال منصوبہ، 65 ایم جی ڈی بلک واٹر سپلائی منصوبے اورسی واٹر اوسموسس منصوبے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ کو منصوبوں سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔
صوبائی وزیر بلدیات ناصر شاہ کے مطابق کورنگی کراسنگ پل منصوبے پر 1.6 کلومیٹر طویل پل بنایا جائے گا، مراد علی شاہ نے ایک سال کے اندر منصوبہ مکمل کرنے کا حکم دیا، اس منصوبے کی لاگت پانچ ارب روپے ہے۔