اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا صوبہ میں پولیو کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ملک بھر میں انسداد پولیو کی مہم کو مزید بہتر بنانے کے لئے خصوصی ہنگامی اقدامات کر رہی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم نے بل اینڈ ملینڈا گیٹس فائونڈیشن (بی ایم جی ایف) کے شریک چیئرمین بل گیٹس کے ساتھ اپنی ٹیلیفونک گفتگو کا حوالہ دیا۔ اور بتایا کہ بل گیٹس سے پولیو کے خاتمہ سمیت عوامی صحت کے مختلف جاری منصوبوں کے علاوہ پاکستان میں بی ایم جی ایف کی معاونت سے سماجی شعبہ میں جاری مختلف منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
Grateful to the Bill & Melinda Gates Foundation for its valuable support in the public health & social sector programmes. The increase in number of confirmed polio cases in KP is deeply concerning. We are implementing a special emergency plan to improve our anti-polio response.
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) July 30, 2022
شہباز شریف نے کہا کہ میں بل اینڈ ملینڈ گیٹس فائونڈیشن کا مشکور ہوں جو پاکستان میں عوامی صحت کی بہتری اور سماجی شعبہ کے مختلف پروگراموں میں گراں قدر معاونت فراہم کررہی ہے۔ خیبر پختونخوا میں نئے پولیو کیسز کے بڑھتے ہوئے اعدادوشمار کی تصدیق باعث تشویش ہے۔ ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کو مزید موثر اور بہتر بنانے کیلئے ایک خصوصی ایمرجنسی پلان پر عملدرآمد کر رہے ہیں۔
بل گیٹس کے ساتھ گفتگو کے دوران وزیراعظم نے بل اینڈ ملینڈا گیٹس فائونڈیشن کے ساتھ مختلف شعبوں میں پہلے سے جاری اشتراک کار کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ۔
انہوں وزیراعظم بل گیٹس سے کہا کہ ہماری حکومت سماجی شعبہ کی ترقی کیلئے ہر سطح پر اقدامات کو وسعت دے رہی ہے اور ہم اپنی ضروریات کے مطابق اقدامات کے حوالے سے ضلعوں کو زیادہ بااختیار بنا رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پولیو پروگرام کے اراکین کو تحفظ اور سکیورٹی کی فراہمی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے اور انسداد پولیو پروگرام کے فرنٹ لائن ورکرز حکومت کی اولین ترجیح ہیں۔
اس موقع پر بل گیٹس نے فائونڈیشن کی جانب سے بچوں کے پولیو وائرس سے تحفظ سمیت دیگر مختلف پروگراموں میں معاونت کا عمل جاری رکھنے کا عزم بھی دہرایا۔