21 رُکنی پنجاب کابینہ کو فائنل شکل دیدی گئی، محسن لغاری کو خزانہ کی وزارت ملنے کا امکان

Published On 03 August,2022 09:58 pm

لاہور: (لیاقت انصاری سے) پنجاب میں حکومت بنانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین عمران خان نے 21 رکنی صوبائی کابینہ کو فائنل شکل دیدی۔

عمران خان نے پنجاب کابینہ میں شامل ہونے والے وزرا سے ویڈیو لنک سے ایوان وزیراعلی میں خطاب کیا، پنجاب کابینہ کی حتمی منظوری کا اعلان کل وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی، پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان اور سابق وفاقی وزیر مونس الہی مشاورت کے بعد کرینگے۔

پنجاب کابینہ میں لاہورسے ڈاکٹر یاسمین راشد ، میاں اسلم اقبال ،میاں محمود الرشید ،مراد راس شامل ہیں فیصل آباد سے علی افضل ساہی اور لطیف نذر کو کابینہ میں شامل کرلیا گیا، راولپنڈی سے راجہ بشارت ، جنوبی پنجاب سے نوابزداہ منصور ،سردار محسن لغاری بھی کابینہ میں شامل کیا گیاہے جنوبی پنجاب سے غضنفر عباس چھینہ،سردار شہاب الدین ،سردار حسنین بہادر دریشک بھی کابینہ کاحصہ ہیں عنصر مجید نیازی ، ملک تیمو ر، منیب چیمہ، علی عباس شاہ بھی کابینہ کاحصہ ہوں گے۔

سردار ہاشم ڈوگر، سردار آصف نکئی ، راجہ یاسر ہمایوں ،خرم شہزاد ورک ،حسین جہانیاں گردیزی بھی کابینہ میں شامل ہیں، اکیس میں بیس نامزد وزرا ویڈیولنک میٹنگ میں شریک ہوئے ، حسین جہانیاں گردیزی ویڈیولنک میٹنگ میں شریک نہ ہوسکے۔

کرنل ریٹائرڈ محمد ہاشم ڈوگر کو وزارت داخلہ اور ملک تیمور کو کھیل کی وزارت کاعندیہ دیدیا گیا، میاں محمود الرشید کو بلدیات ، میاں اسلم اقبال کو ہاوسنگ اورانڈسٹریز کاعندیہ دیدیاگیا، ڈاکٹر یاسمین راشد صحت، مراد راس تعلیم، راجہ یاسر ہمایوں کو ہائر ایجوکیشن کاعندیہ دیدیا۔

عنصر مجید نیازی کو لیبر، سردار محسن لغاری کو خزانہ اور پی اینڈ ڈی عندیہ دیدیا گیا۔

نامزد وزرا سے خطاب میں عمران نے پیشگی خبر دار کردیا ہے کہ کرپشن برداشت نہیں ہوگی، وقت پر دفاتر آنا ہے، توقع کرتاہوں آپ چودہ سے سولہ گھنٹے کام کریں ، کوئی چھٹی نہیں ہوگی، آفس میں وقت دیں گے تو بیورو کریسی بھی وقت پرآئے گی، واضح فرق نظرآنا چاہیے ہماری حکومت عوام کے لئے کام کررہی ہے۔

Advertisement