اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے 9 حلقوں کے ضمنی الیکشن کا شیڈول فوری معطل کرنے کی پی ٹی آئی کی استدعا مسترد کردی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے تحریک انصاف کی 9حلقوں کے ضمنی الیکشن کا شیڈول معطل کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت عدالت نے سوال کیا کہ الیکشن شیڈول معطل کرنے کی قانونی وجہ کیا ہے؟ آپ ایک الیکشن روکنے کی استدعا کررہے ہیں کوئی قانونی جواز بتائیں، قومی اسمبلی کی نشستیں خالی ہوئیں تو الیکشن کمیشن نے الیکشن کا اعلان کیا۔
عدالت کے سوال پر پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ استعفوں کی مرحلہ وار منظوری کے خلاف درخواست زیرسماعت ہے، اس پر جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ 123 حلقوں میں بھی الیکشن ہوجائے گا پہلے یہ تو ہونے دیں، آپ الیکشن لڑیں۔
بعد ازاں عدانے نے پی ٹی آئی کی جانب سے ضمنی الیکشن شیڈول فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے سماعت 16اگست تک ملتوی کردیے اور فریقین کو نوٹسز جاری کردئیے۔