اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و عمران خان کے چیف آف سٹاف شہباز گل پر بغاوت کے مقدمے کے معاملے پر تحقیقات کے لیے ٹیم تشکیل دے دی گئی۔
ذرائع کے مطابق آئی جی اسلام آباد کی ہدایت پر 4 رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جس کی سربراہی ایس ایس پی انویسٹی گیشن کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی ٹیم میں ایس پی سی ٹی ڈی، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو گزشتہ روز اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا ان پر تھانہ کوہسار میں اداروں کے خلاف مبینہ غداری سمیت سنگین نوعیت کے 10 مقدمات درج ہیں۔
بغاوت پر اکسانے کا الزام، شہباز گل عدالت میں پیش، دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کو اسلام آباد کی مقامی عدالت میں پیش کر دیا گیا۔
ڈاکٹر شہباز گِل کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں پیش کیا گیا، ڈیوٹی مجسٹریٹ عمر شبیر کیس کی سماعت کی اور اسلام آباد پولیس کی جانب سے شہباز گِل کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی جبکہ شہباز گل کے وکیل فیصل چوہدری نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی مخالفت کی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے آباد پولیس کی جانب سے شہباز گِل کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر پہلے فیصلہ محفوظ کر لیا جبکہ بعد میں پی ٹی آئی رہنما کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے پولیس کے حوالے کر دیا۔
شہباز گِل کی پیشی کے موقع پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور اسلام آباد پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی تھی۔
ادارے ہماری جان، بیان میں کچھ ایسا نہیں جس سے شرمندگی ہو: شہباز گل
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے کہا ہے کہ ادارے ہماری جان ہیں، میرے بیان میں کچھ ایسا نہیں جس سے شرمندگی ہو۔
اسلام آباد کی عدالت میں پیشی کے موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارے ہماری جان ہیں ان کے خلاف نہیں بلکہ بیورو کریسی کے بارے میں بات کی۔
شہباز گل کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی اداروں کے خلاف بات نہیں کی، ان کے بیان میں ایسا کچھ غلط نہیں جس پر شرمندگی ہو، ان کا بیان ایک محبت وطن کا بیان ہے، فوج سے پیار کرنے والے کا بیان ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے کسی کو اکسانے کی کوشش نہیں کی، سٹریٹجک میڈیا سیل کے افسران کو کہا اور بیوروکریسی کے افسران کے بارے میں بات کی۔